پولیس بیٹر گرفتار بھتہ خور تھانیداروں کے نام فاش

لیاقت علی ماہانہ4 لاکھ روپے بیٹ جمع کرکے تھانیداروں کو دیتا تھا جو اعلیٰ افسران کوبھی حصہ پہنچاتے تھے

پولیس اہلکار راحت علی اور ظفر کی تصاویر۔ فوٹو: فائل

پولیس افسران کیلیے لاکھوں روپے بھتہ (بیٹ) وصول کرنے والا بیٹر پکڑا گیا،ملزم شارع فیصل اور گلستان جوہر کے علاقوں سے بیٹ جمع کرکے تھانیداروں اور ہیڈ محرروں کے حوالے کرتا تھا۔

پولیس افسر اعلیٰ افسران کو حصہ پہنچاتے تھے،ملزم نے ابتدائی تفتیش میں رقم لینے والے کئی تھانیداروںکے نام فراہم کردیے ہیں، ملزم کے 2 ساتھی پولیس اہلکاروں میں سے ایک کو ضلع بدر کردیا گیا ہے جبکہ ایک پولیس اہلکار مفرور ہے،تفصیلات کے مطابق ، ایس ایس پی ایسٹ پیر محمد شاہ نے پریس کانفرنس میں بتایا ہے کہ ملزم لیاقت علی ولد مولا بخش 4 لاکھ روپے ماہانہ بھتہ (بیٹ) وصول کرتا تھا لیکن اس کا تعلق محکمہ پولیس سے نہیں ہے، ملزم کے ساتھی پولیس اہلکار ہیں جن میں راحت علی اور ظفر شامل ہیں ، راحت کو ضلع بدر کرتے ہوئے میرپور خاص بھیج دیا گیا ہے جبکہ پولیس اہلکار ظفر مفرور ہے، ملزم لیاقت نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ گلستان جوہر اور شارع فیصل کے علاقوں میں لگنے والے ٹھیلوں اور بچت بازاروں میں اسٹالوں سے بیٹ وصول کرتا ہے۔


مجموعی طور پر 8 ہزار روپے یومیہ کی بنیاد پر دونوں تھانوں کے تھانیداروں اور ہیڈ محرروں کو دیتا تھا جو علاقہ ڈی ایس پی کو بھی اس کا حصہ بہم پہنچاتے تھے اس سلسلے میں ملزم نے دونوں تھانوں میں تعینات کئی ایس ایچ اوز کے بھی نام لیے ہیں جن میں فہیم فاروقی سرفہرست ہیں ، ملزم کا کہنا تھا کہ وہ اسلم پرویز ، فہیم فاروقی ، ارشد جنجوعہ اور سہراب میو سمیت کئی تھانیداروں کیلیے بیٹ(بھتہ) جمع کرچکا ہے ملزم نے مزید بتایا کہ راحت اور ظفر اس کی مدد کرتے تھے اور وہ منشیات فروشوں سے بھی بیٹ لیتے تھے، دونوں اہلکاروں نے ہی اسے بیٹر مقرر کیا تھا جبکہ اس کا جوہر چورنگی پر جنرل اسٹور تھا، علاوہ ازیں ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ محکمہ پولیس میں موجود کالی بھیڑوں کو کسی صورت نہیں بخشا جائے گا اور ان کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔

ایس ایس پی ایسٹ پیر محمد شاہ نے مزید بتایا کہ مبینہ ٹائون پولیس نے اہلیہ کو قتل کرنے والے اس کے شوہر محمد اسلم ولد اللہ بخش کو بھی گرفتار کرلیا ہے جس نے چند روز قبل گلا گھونٹ کر اپنی اہلیہ کو قتل کرکے لاش قائد اعظم کالونی میں پھینک دی تھی اس کے علاوہ ڈکیتی کے ملزمان غلام مصطفی عرف فوجی ولد رسول بخش ، محرم علی ولد غلام اور علی رضا ولد سکندر کو گرفتار کرکے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ ، کار اور دیگر مسروقہ سامان برآمد کرلیا ملزمان سے عزیز بھٹی کے علاقے سے پولیس اہلکار سے چھینی گئی سرکاری کلاشنکوف بھی برآمد کی گئی ہے، 2 جرائم پیشہ (اسٹریٹ کریمنل) سرفراز اور راحیل بھی شارع فیصل تھانے کی حدود سے گرفتار کرلیے گئے جنھوں نے ابتدائی تفتیش میں کئی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔
Load Next Story