10 دن گزر گئے پولیس نسیم احمد کے قاتلوں کا سراغ نہ لگا سکی

پاپوش نگر میں دوستوں کے ساتھ سالگرہ مناکرگھر جارہا تھا، ملزمان نے گولیاں ماردیں

نسیم کی یادگار تصویر۔ فوٹو: فائل

10 روز گزر گئے اورنگی ٹائون انویسٹی گیشن پولیس نسیم احمد کے قتل میں ملوث ملزمان کا سراغ نہ لگا سکی۔

مقتول واقعے کے روز سالگرہ منانے کیلیے گھر سے نکلا تھا اور دوستوں کے ہمراہ سالگرہ کا کیک کاٹنے کے بعد دوستوں کوگھر چھوڑ کراپنے گھر جا رہا تھا کہ ملزمان نے روکنے کی کوشش کی اور نہ رکنے پر فائرنگ کردی، مقتول 7 بہن بھائیوں میں چوتھے نمبر پر تھا اور4 ماہ بعد اس کی شادی تھی ،تفصیلات کے مطابق 20 مارچ کی شب اورنگی ٹائون تھانے کی حدود اورنگی ٹائون نمبر ایک کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان نے ایک کار کو روکنے کی کوشش کی اور نہ رکنے پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں کار میں سوار اورنگی ٹائون علی گڑھ کالونی کا رہائشی 26 سالہ نسیم احمد ولد حاجی سلیم احمد جاں بحق ہو گیا تھا ، نسیم کے قتل کے واقعے کو10روز گزر گئے تاہم اورنگی ٹائون پولیس قتل میں ملوث ملزمان کا سراغ نہ لگا سکی ،رابطہ کرنے پر ایس آئی او اورنگی ٹائون گلزار احمد نے بتایا کہ مقتول نسیم کا قتل ڈکیتی کی واردات کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔


واقعے کے روز مقتول نسیم اپنے دوستوں کے ہمراہ کہیں سے آ رہا تھا کہ اورنگی ٹائون ایک نمبر کے قریب 3سے 4نامعلوم مسلح ملزمان نے اس کی گاڑی کو گھیرے میں لے کر روکنے کی کوشش کی اور نہ رکنے پر ملزمان نے فائرنگ کردی انھوں نے بتایا کہ پولیس کو جائے وقوعہ سے ٹی ٹی پستول کا ایک خول ملا تھا کہ جسے فوری طور پر فارنزک لیبارٹری بھجوا دیا گیا تھا اور رپورٹ موصول ہونے کے بعد ہی تفتیش میں پیش رفت کی امید ہے،قتل کے مقدمے میں کسی قسم کی کوئی پیش رفت نہیں ہے ، مقتول کے بھائی ندیم احمد نے بتایا کہ مقتول نسیم احمد 7بہن بھائیوں چوتھے نمبر پر تھا اور مقتول کا کسی سیاسی یا مذہبی جماعت سے کوئی تعلق نہیں تھا اور نہ ہی اس کی کسی سے کوئی دشمنی تھی،ان کی ماربل فیکٹری ہے اور مقتول نسیم اپنے والد کے ہمراہ فیکٹری جایا کرتا تھا۔

انھوں نے بتایا کہ مقتول کی کچھ عرصے قبل منگنی ہوئی تھی اور4 ماہ بعد مقتول نسیم احمد کی شادی طے تھی جس کی وجہ سے گھر میں شادی کی تیاریاں چل رہی تھیں لیکن واقعے کے بعد سب کچھ ختم ہو گیا مقتول کے دوستوں نے بتایا کہ واقعے کے روز مقتول نسیم احمد کی سالگرہ تھی اور اس ہی سلسل میں وہ پاپوش نگر میں اپنے دوستوں کے پاس آیا ہوا تھا جہاں اس کے دوستوں نے مل کر اس کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا تھا جس کے بعد نسیم اپنے دوستوں کو ان کے گھر چھوڑ کر اپنے گھر جا رہا تھا کہ یہ افسوسناک واقعہ ہو گیا ، مقتول کے اہلخانہ اور دوستوں نے کہا کہ نسیم کے قتل میں ملوث ملزمان کا فوری سراغ لگایا جائے اورمزیدکتنے شہریوںکی جانیں جائیںگی، شہر میں پولیس اور رینجرز کیا کررہے ہیں ، دہشتگردی کی وارداتوں کو روکا جائے ۔
Load Next Story