اغوا برائے تاوان کا ملزم رقم وصول کرتے ہوئے گرفتار

انسداد بھتہ سیل نے2 بھتہ خوروں کو گرفتار کرکے اسلحہ وموبائل فون سمیں برآمد کرلیں۔

انسداد بھتہ سیل نے2 بھتہ خوروں کو گرفتار کرکے اسلحہ وموبائل فون سمیں برآمد کرلیں فوٹو: فائل

اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ میں قائم انسداد بھتہ سیل نے مختلف کارروائیوں میں2بھتہ خوروں کو گرفتار کرکے اسلحہ اور موبائل فون کی سمیں برآمد کرلیں۔

جبکہ پیر آباد پولیس نے اغوا برائے تاوان کے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا، تفصیلات کے مطابق اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ میں قائم انسداد بھتہ سیل کے ڈی ایس پی واصف قریشی نے خفیہ اطلاع پر لیاقت آباد کے علاقے فردوس شاپنگ سینٹر کے قریب چھاپہ مار کر بھتہ خور کاشف احمد عرف بالاج بادشاہ کو گرفتار کرکے اسلحہ اور2موبائل فون سمیں برآمد کرلیں۔


واصف قریشی نے بتایا کہ ملزم نے رواں سال جون میں کورنگی کریک میں واقع مقامی تاجر سلیم نواز کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دے کر 20لاکھ روپے بھتہ طلب کیا تھا، ایس آئی یو نے دوسری کارروائی کے دوران درخشاں کے علاقے ڈی ایچ اے فیز7طاہر کمرشل سے ایک بھتہ خور محمد زمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے کنسٹریکشن کمپنی کے مالک احسن عباس زیدی سے50ہزار روپے بھتے طلب کیا تھا۔

ملزم کمپنی کا ملازم ہے، پیر آباد کے علاقے اسلامیہ کالونی کٹی پہاڑی کے قریب سے پولیس نے ملزم منٹھار علی کو گرفتار کرکے اسلحہ اور تاوان کی رقم برآمد کرلی، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے تاجر پیارو خان کو اغوا کیا تھا جس کی رہائی کیلیے20لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا تاہم بات چیت کے بعد وہ5لاکھ پر راضی ہوگیا اور کٹی پہاڑی کے قریب تاوان کی رقم وصول کرتے ہوئے پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔
Load Next Story