جامعہ کراچی کے داخلی دروازے کاسنگ بنیاد جلد ہی نئی جامعات کے قیام کا اعلان کیا جائے گا گورنر

جامعات کودرپیش مالی بحران کے حوالے سے حکومتوں سے رابطہ ہے تاہم یونیورسٹیز کواپنا ’’ریسورس جنریشن پلان‘‘تیارکرناہوگا۔

نئے انتظامی بلاک وشعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن کا افتتاح،عمارتوں کادورہ،تقریب سے عشرت العباداورشیخ الجامعہ ڈاکٹر محمد قیصر کا خطاب فوٹو: فائل

صوبے کی سرکاری جامعات کے چانسلراورگورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد نے کہاہے کہ 2003 میں صوبے میں کل 23سرکاری ونجی جامعات تھیں جن کی تعداد بڑھ کر اب43 ہوگئی ہے۔

جلد نئی جامعات کے قیام کااعلان کیاجائے گا،سندھ مدرسۃ الاسلام کو یونیورسٹی کادرجہ دیا جانا بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے ان خیالات کا اظہار چانسلر جامعہ کراچی وگورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے جامعہ کراچی کے شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن میں منعقدہ تقریب سے خطاب میںکیا مذکورہ تقریب جامعہ کراچی کے داخلی دروازے کی تعمیر کے سنگ بنیاد جبکہ نئے انتظامی بلاک اور شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن کی نئی عمارت کے افتتاح کے موقع پر منعقد کی گئی تھی۔

اس موقع پرگورنرسندھ کے ایڈوائزربرائے اعلیٰ تعلیم آفتاب لودھی،جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹرمحمد قیصر،رجسٹرارجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر ناصرالدین اور دیگراساتذہ بھی موجود تھے اپنے خطاب میں گورنرسندھ نے کہا کہ یہ امرقابل ذکرہے کہ جامعہ کراچی نے ایک مضبوط سیکیورٹی پلان تیار کرلیا ہے انھوں نے کہا کہ جامعات کودرپیش مالی بحران کے حوالے سے وہ وفاقی اورصوبائی حکومتوں سے رابطے میں ہیں۔


تاہم یونیورسٹیز کوخود اپنا ''ریسورس جنریشن پلان'' تیار کرنا ہوگا اس موقع پرشیخ الجامعہ ڈاکٹر محمد قیصر نے اپنے خطاب میں کہا کہ جامعہ کراچی گذشتہ کئی دہائیوں سے علم کی ترویج وترقی میں مصروف عمل ہے یہی وجہ ہے کہ آج عالمی درجہ بندی میں جامعہ کراچی ایشیا کی 200 بہترین جامعات کی صف میں شامل ہے ،ڈاکٹر محمد قیصر کا کہنا تھا چونکہ جامعہ میں طلبا اساتذہ وانتظامی عملے کی تعداد میں اضافہ ہوگیا ہے۔

لہٰذا 1961 میں تعمیر کیاجانے والاانتظامی بلاک اپنی مضبوط اور کشادہ طرز تعمیر کے باوجود ناکافی پایا جانے لگا تھا چنانچہ 2008 میں بدست ڈاکٹر عشرت العباد ، نئی انتظامی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا گیا اور آج اس تکمیل شدہ عمارت کاافتتاح بھی ان ہی کے ہاتھوں ہوا،اس موقع پر جامعہ کراچی کے داخلی دروازے کی تعمیر کا سنگ بنیاد بھی رکھا گیا ۔

گورنر سندھ نے افتتاح کے بعد نئے انتظامی بلاک اور شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن کی عمارتوں کا تفصیلی دورہ کیا۔
Load Next Story