بنگلے میں لوٹ مار کرنے والے 3 ڈاکوؤں کو مالک نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا

خاتون سمیت 3 ڈاکو کنیز فاطمہ سوسائٹی کے بنگلے میں لوٹ مار میں مصروف تھے، مالک نے فائرنگ کر کے ہلاک کردیا

ڈیفنس شہریوں کے ہاتھوں تشدد کا نشانہ بننے والا ڈاکو پولیس موبائل میں بیٹھا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

گلزار ہجری کنیز فاطمہ سوسائٹی میں بنگلے میں لوٹ مار کرنے والی خاتون سمیت3 ڈاکوؤں کو گھر کے مالک نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا، ہلاک ہونے والی خاتون اسی گھر میں ملازمہ تھی جبکہ ایس ایچ او سچل نے دعویٰ کیا ہے کہ خاتون سمیت تینوں ڈاکو پولیس مقابلے میں مارے گئے۔

تفصیلات کے مطابق سچل کے علاقے گلزار ہجری اسکیم 33میں روفی روز پیٹل اپارٹمنٹ کے قریب بنگلہ نمبر R-2/5 کے رہائشی الیاس پاشا کے گھر پر خاتون سمیت 3 ڈاکو داخل ہوئے اور اہلخانہ کو یرغمال بنا کر لوٹ مار شروع کردی، شور شرابہ سن کر گھر کے بالائی منزل پر موجود الیاس پاشا نے سب سے پہلے مدد گار 15 پولیس کو اطلاع دی اور اپنے لائسنس یافتہ پستول سے ملزمان پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں خاتون سمیت تینوں ملزمان زخمی ہو گئے تھے۔


اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور بنگلے کے اندر سے فائرنگ کی آواز سن کر بنگلے کو گھیرے میں لیکر محتاط انداز میں اندر داخل ہونا شروع کر دیا تاہم اس وقت گھر کے مکین شور مچاتے ہوئے باہر نکل آئے اور اطلاع دی کہ تینوں ڈاکو زخمی ہیں جس پر پولیس پارٹی بلا خوف وخطر بنگلے میں داخل ہو گئی اور خاتون سمیت تینوں ڈاکوؤں کو تحویل میں لے لیا، پولیس کے مطابق مذکورہ بنگلے کے مالک الیاس پاشا کا کہنا ہے ہلاک ہونے والی خاتون شہناز زوجہ اﷲ دتا ان کے گھر کی گھریلو ملازمہ تھی جو اپنے2ساتھیوں کے ہمراہ ڈکیتی کرنے آئی تھی۔

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے 2 ڈاکوؤں کی شناخت نعیم اور طارق عباس کے نام سے کر لی گئی، ہلاک ہونے والی خاتون اور اس کے ساتھی گلشن اقبال اسکاؤٹ کالونی کے رہائشی تھے جبکہ ان کا آبائی تعلق ضلع بہاولپور سے تھا، اے ایس آئی سکندر نے بتایا کہ مذکورہ بنگلے کا مالک الیاس پاشا سوئی سدرن گیس کمپنی میں افسر ہے اور انھوں نے حاضر دماغی سے کام لیتے ہوئے تینوں ملزمان سے مقابلہ کیا اور انھیں اپنے لائسنس والے پستول سے فائرنگ کر کے ہلاک کردیا، ایس ایچ او سچل شوکت چنگاری کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان پولیس مقابلے میں مارے گئے جس کے باعث ایڈیشنل آئی جی کراچی شاہد حیات نے کارکردگی کو سراہتے ہوئے پولیس پارٹی کو ایک لاکھ روپے نقد انعام دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔
Load Next Story