حصص مارکیٹ پہلی بار27 ہزار 500 کی نفسیاتی حد عبور کرگئی

100 انڈیکس 405 پوائنٹس کے نمایاں اضافے سے 27 ہزار 565 کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

پاکستان یورو بانڈ کی بہترین ریٹنگ اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی بڑے پیمانے پر خریداری۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

ISLAMABAD:
بین الاقوامی ریٹنگ کمپنی ''موڈیز'' کی جانب سے رواں ماہ متعارف کرائے جانے والے پاکستان یورو بانڈ کی بہترین ریٹنگ دینے اور غیرملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے بھاری خریداری کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج میں منگل کو تیزی کی بڑی لہر رونما ہوئی جس سے ملکی تاریخ میں پہلی بارکے ایس ای 100 انڈیکس27500 پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کرگیا جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن بھی73 ارب52 کروڑ 96 لاکھ4 ہزار944 روپے کے اضافے سے 66.52 کھرب روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔


ماہرین اسٹاک وتاجران کا کہنا تھا کہ ملک کے سیاسی افق اور اقتصادی محاذ پربعض مثبت اطلاعات، توانائی بحران پر قابو پانے کی سنجیدہ حکومتی حکمت عملی اور معیشت کودرست سمت پر گامزن کرنے کی کوششوں پر غیرملکی سرمایہ کار زیادہ اعتماد کرنے لگے ہیں جو کیپٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاری کو منافع بخش تصور کرتے ہوئے اپنی سرمایہ کاری بڑھا رہے ہیں، ٹریڈنگ کے دوران مقامی کمپنیوں، بینکوں ومالیاتی اداروں، این بی ایف سیز، انفرادی سرمایہ کاروں اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے59 لاکھ22 ہزار 399 ڈالرکے سرمائے کا انخلا کیا گیا لیکن اس کے باوجود پورے کاروباری دورانیے میں مارکیٹ مثبت زون میں رہی۔

اس دوران غیرملکیوں نے56 لاکھ7 ہزار349 ڈالراور میوچل فنڈز نے3 لاکھ15 ہزار50 ڈالر کی سرمایہ کاری کی، کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس405.59 پوائنٹس اضافے سے 27565.50 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 317.31 پوائنٹس اضافے سے 19488.23 اور کے ایم آئی 30 انڈیکس760.56 پوائنٹس بڑھ کر45368.34 ہو گیا، کاروباری حجم پیر کی نسبت60.82 فیصد زائد رہا،22 کروڑ1 لاکھ48 ہزار800 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ 369 کمپنیوںتک محدود رہا جن میں229 کے بھائو میں اضافہ، 118 کے داموں میں کمی اور22 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
Load Next Story