کے پی اسمبلی میں 2008 سے سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال کو قانونی حیثیت دینے کا بل منظور

نجی مقاصد کے لیے کرائے پر ہیلی کاپٹر کے استعمال کیلیے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سے اجازت درکار ہوگی

—فائل فوٹو

کے پی حکومت کی جانب سے وزرا کی تنخواہیں و مراعات و استحقاق ترمیمی بل 2022 کی منظوری دیتے ہوئے 2008 سے سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال کو قانونی حیثیت دے دی جبکہ سرکاری ہیلی کاپٹر یا جہاز نجی مقاصد کے لیے کرائے پر بھی استعمال کیا جاسکے گا۔

فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق ترمیمی بل میں سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال کی شق میں مزید ترامیم کی گئی ہیں جبکہ ایوان نے ترمیمی بل کے لئے اپوزیشن کی تمام ترامیم کو مسترد کردیا۔


ترمیمی بل کے مطابق کے پی حکومت کا سرکاری ہیلی کاپٹر یا جہاز اب نجی مقاصد کے لیے کرائے پر بھی استعمال کیا جاسکے گا، نجی مقاصد کےلئے کرائے پر ہیلی کاپٹر کے استعمال کے لئےوزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سے اجازت درکار ہوگی۔

بل کے مطابق نجی مقاصد کے لئے ہیلی کاپٹر یا جہاز کے کرایہ کا تعین حکومت وقتاً فوقتاً کرے گی، وزیر اعلی، وزرا اور سرکاری افسران ضرورت پڑنے پر اپنے معاونین کے علاوہ دیگر افراد بھی ہوائی سفر پر ساتھ لے جاسکتے ہیں۔


ترمیمی بل کے مطابق یکم نومبر 2008 سے اب تک سرکاری ہیلی کاپٹر کا استعمال درست تصور ہوگا، یکم نومبر 2008 کے بعد سے ہیلی کاپٹر کے استعمال پر صوبائی حکومت سے کوئی سوال نہیں ہوگا۔
Load Next Story