شرافی گوٹھبینک ڈکیتی کی کوشش ناکام مقابلے میں پولیس افسر جاں بحق گارڈ زخمی

ملزمان نے بینک میں داخل ہوکر جیسے ہی اسلحہ نکالا تو سیکیورٹی گارڈ انور ڈاکوئوں کو دھکا دیتے ہوئے باہر نکل گیا

شرافی گوٹھ میں ڈاکو بینک سے باہر نکل رہے ہیں ،دوسری تصویر میں پولیس کانسٹیبل اور ملزمان میں مقابلہ ہورہا ہے ۔ فوٹو : ایکسپریس

شرافی گوٹھ پولیس نے بینک ڈکیتی ناکام بنا دی ، فائرنگ کے تبالے میں 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

جبکہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے سب انسپکٹر جاں بحق اور سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوگئے جبکہ اولڈ کوئنز روڈ پر میٹھادر پولیس نے مقابلے کے دوران ایک ڈاکو کو مار دیا دوسرا فرار ہو گیا،ہلاک ملزم الطاف عرف مادھوری لیاری گینگ وار کے سرغنہ بابا لاڈلہ گروپ کا کارندہ اور30سے زائد افراد کے قتل،اغوا اور بھتہ خوری کی وارداتوں میں ملوث تھا، تفصیلات کے مطابق شرافی گوٹھ کے علاقے فیوچر موڑ کے قریب نجی بینک میں ڈکیتی کے نیت سے داخل ہونیوالے 2 ملزمان پولیس کی فائرنگ سے زخمی ہو گئے ، ملزمان کی اندھا دھند فائرنگ سے سب انسپکٹر محمد اسحاق اور بینک پر تعینات نجی کمپنی کا سیکیورٹی گارڈ انور سعید ولد نعمت اﷲ زخمی ہو گئے ، واقعے کی اطلاع ملنے پر ایس ایچ او شرافی گوٹھ اخلاق احمد پولیس کی اضافی نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور زخمی ہونے والے ملزمان کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا، زخمی ہونے والے چاروں افراد کو طبی امداد کیلیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا، اسپتال میں پولیس افسر اسحاق نے دوران علاج دم توڑ دیا۔


ایس ایچ او شرافی گوٹھ اخلاق احمد نے بتایا کہ زخمی ہونیوالے ملزمان نے اپنے نام فیضان اور محمد نواز بتائے ہیں، ملزمان کے3ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے، انھوں نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان کی تعداد5 تھی،2ملزمان ڈکیتی کی نیت سے بینک میں داخل ہوئے، ملزمان نے بینک میں داخل ہوکر جیسے ہی اسلحہ نکالا تو وہاں موجود سیکیورٹی گارڈ ملزمان کو دھکا دیتے ہوئے باہر نکل گیا،بینک کے باہر سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات شرافی گوٹھ تھانے کے سب انسپکٹر محمد اسحاق اور کانسٹیبل فیاض نے بینک کے باہر پوزیشن سنبھال لی تاہم باہر کھڑے ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں سب انسپکٹر اور سیکیورٹی گارڈ زخمی ہو گئے ۔

بینک میں موجود ملزمان جیسے ہی فائرنگ کرتے ہوئے باہر آئے تو کانسٹیبل فیاض نے ملزمان پر فائرنگ کی جس سے وہ زخمی ہو گئے، زخمی ہونے والے دونوں ملزمان کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جاتی ہے،ایڈیشنل آئی جی کراچی شاہد حیات خان نے بینک ڈکیتی ناکام بنانے والے سب انسپکٹر اور اہلکار کو5لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے،میٹھادر کے علاقے اولڈ کوئنز روڈ ٹائر کمپنی کے پولیس نے منگل کی علی الصبح موٹر سائیکل پر سوار2 مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا جس پر ملزمان نے پولیس پر فائرنگ شروع کردی پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک ملزم موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ اس کا ساتھی موٹر سائیکل سمیت فرار ہوگیا ، پولیس نے ہلاک ہونے والے ملزم کے قبضے سے ایک ٹی ٹی پستول برآمد کر لی اور لاش کو سول اسپتال پہنچایا ، پولیس کے مطابق ہلاک ہونیوالے ملزم کی شناخت الطاف عرف مادھوری کے نام سے کرلی گئی ، الطاف عرف مادھوری لیاری بہار کالونی پھول پتی لائن کا رہائشی اور لیاری گینگ وار کے سرغنہ نور محمد عرف بابا لاڈلہ گروپ کا کارندہ تھا،ہلاک ہونے والا ملزم 30 سے زائد افراد کے قتل ، اغوا برائے تاوان اور بھتہ خوری کی وارداتوں میں ملوث تھا۔
Load Next Story