ویمنز ہاکی سندھ کلرز اور بلوچستان نے فتح کا ذائقہ چکھ لیا

وادی بولان نے سندھ وائٹس کو 2-0 سے ہرایا، نئے پروگرام کے تحت سیمی فائنلز آج کھیلے جائیں گے

کراچی:قومی ویمنز ہاکی میںسندھ کلرز اور خیبرپختونخواکی ٹیموں کے درمیان مقابلے کا ایک منظر۔ فوٹو: اے پی پی

لاہور:
28ویں قومی ویمنز ہاکی چیمپئن شپ میں سندھ کلرز اور بلوچستان نے فتح کا ذائقہ چکھ ہی لیا، ہاکی کلب آف پاکستان اسٹیڈیم کراچی پر پی ایچ ایف کے تحت جاری ایونٹ میں گروپ بی کے آخری لیگ میچ میں سندھ کلرز نے خیبرپختونخوا کو باآسانی 4-0سے ہرایا۔


پانچویں منٹ میں سمعیہ نے گول کرکے ٹیم کوسبقت دلادی، 10ویں منٹ میں صنم نے اسکور2-0کردیا،4 منٹ بعدہی بشریٰ کے گول کی بدولت کامیاب ٹیم کو3-0کی برتری حاصل ہوگئی، نین تارا نے62 ویں منٹ میں گیند کو جال میں پہنچاکر ٹیم کو4-0 کی سبقت دلا دی جو اختتام تک برقراررہی، گروپ اے میں لیگ مرحلے کے آخری میچ میں بلوچستان نے سندھ وائٹس کو 2-0سے مات دی،پہلے ہاف کے خاتمے تک کوئی بھی گول نہ کر سکا۔

43 ویں منٹ میں فاطمہ نے گول داغ کر اپنی ٹیم کو 1-0 کی برتری دلادی، جسے نسرین نے 54 ویں منٹ میں2-0کردیا، نئے شیڈول کے مطابق دونوں سیمی فائنل بدھ کو کھیلے جائیںگے، دفاعی چیمپئن واپڈا کا مقابلہ آرمی سے صبح9 بجے ہوگا، دوسرے سیمی فائنل میں سابق قومی چیمپئن پاکستان ریلوے کا پنجاب کلرز سے صبح11 بجے ٹکرائو ہونا ہے۔دریں اثنا لیگ مرحلے کے اختتام پر دفاعی چیمپئن پاکستان واپڈانے 12 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کرلی، پنجاب کلرز9 پوائنٹس کیساتھ دوسرے نمبر پر ہے، ایچ ای سی6 پوائنٹس نے تیسری پوزیشن پائی۔
Load Next Story