مایوس کن کھیل کے باوجود پاکستان کا تیسرا نمبر برقرار

بھارت نے سری لنکا سے نمبر ون ٹی20پوزیشن چھین لی، ویسٹ انڈیز کا پانچواں مقام

بھارت نے سری لنکا سے نمبر ون ٹی20پوزیشن چھین لی، ویسٹ انڈیز کا پانچواں مقام۔ فوٹو اے ایف پی/فائل

ورلڈ ٹوئنٹی 20میں مایوس کن کھیل کے باوجود رینکنگ میں پاکستان کا تیسرا نمبر برقرار رہا، بھارت نے سری لنکا سے نمبرون پوزیشن چھین لی۔


دونوں ممالک بنگلہ دیش میں جاری ایونٹ کے فائنل فور مرحلے میں پہنچ چکے لہذا آئی لینڈرز کے پاس حریف سے کھوئی ہوئی پوزیشن واپس لینے کا موقع موجود ہو گا، بھارت بھی اس پر قبضہ مضبوط بنا سکتا ہے، ویسٹ انڈیز نے آسٹریلیا کو ایک درجے پیچھے دھکیل کر پانچویں پوزیشن حاصل کرلی، جنوبی افریقہ چوتھے نمبر پر موجود ہے، پلیئرز کی عالمی درجہ بندی میں ویسٹ انڈین اسپنر سموئل بدری نے ہموطن سنیل نارائن کی جگہ نمبرون بولر بننے کا اعزاز پالیا، سعید اجمل تیسرے نمبر پر موجودہیں، آسٹریلوی پیسر مچل اسٹارک 12درجے کی چھلانگ لگاکر چوتھی پوزیشن لے کر ٹاپ ٹین میں شامل ہوگئے،سری لنکن بولر سچترا سینانائیکے 19درجے کی ترقی ملنے پر پانچویں نمبر پر پہنچے، بھارتی اسپنر روی چندرن ایشون کو 16 درجے کی چھلانگ نے یکدم کیریئر کی بہترین چھٹی پوزیشن پر پہنچا دیا۔

شاہد آفریدی ایک درجے ترقی ملنے پر 9ویں پوزیشن میں کپتان حفیظ کے پارٹنر بن گئے، حفیظ تین درجے تنزلی کے بعد اس پوزیشن پر آئے،نیدرلینڈز کے مدثر بخاری 11 درجے کی چھلانگ لگاکر پہلی مرتبہ ٹاپ 20 میں پہنچے، وہ 19ویں نمبر پر ہیں۔پاکستانی پیسر عمرگل کو 4 درجے بہتری نے 36ویں نمبر پر پہنچایا، بیٹنگ میں آسٹریلوی اوپنر آرون فنچ نمبرون ہیں، انگلینڈ کے الیکس ہیلز ایک درجے بہتری ملنے پر دوسری پوزیشن پر آگئے، بھارتی بیٹسمین ویرات کوہلی بھی ایک قدم آگے بڑھ کر تیسرے نمبر پر براجمان ہوگئے، پاکستانی اوپنر احمد شہزاد 14 درجے ترقی پر 11جبکہ عمر اکمل پانچ درجے بہتری سے16ویں پوزیشن پر آگئے۔
Load Next Story