ورلڈ ٹی 20 بھارت2 ٹائٹلز پانے والا پہلا ملک بننے کے قریب

بھارتی ٹیم یہ فائنل جیت گئی تو مہندر سنگھ دھونی وہ واحد کپتان بن جائیں گےجن کی قیادت میں ٹیم تین عالمی ٹائٹلز جیتے گی۔

مہندرا سنگھ دھونی بھی تین عالمی ٹرافیاں ہاتھوں میں اٹھانے والے پہلے کپتان کا اعزاز پا سکتے ہیں، فوٹو: فائل

سری لنکا کے خلاف کامیابی کی صورت میں بھارت ورلڈ ٹوئنٹی20 ٹائٹل دوسری بار پانے والا پہلا ملک بن جائے گا۔مہندرا سنگھ دھونی بھی تین عالمی ٹرافیاں ہاتھوں میں اٹھانے والے پہلے کپتان کا اعزاز پا سکتے ہیں، فائنلز کی لڑائی میں بلوشرٹس کو آئی لینڈرز پر معمولی سبقت حاصل ہے۔


تفصیلات کے مطابق سری لنکا واحد ٹیم ہے جو ورلڈ ٹوئنٹی 20 کا تیسرا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرے گی،اس سے قبل وہ 2009 اور 2012 کے فیصلہ کن معرکوں میں شریک ہو چکی جس میں بالترتیب پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا تھا، اس بار سامنا پرانے دشمن بھارت سے ہو گا جس کے ہاتھوں ٹیم ون ڈے ورلڈ کپ 2011 کا فائنل ہار چکی ہے۔ اب تک مختلف ٹورنامنٹس کے فائنلز میں بھارت اور سری لنکا کا آمنا سامنا 19 مرتبہ ہوا، بلو شرٹس نے9 اور آئی لینڈرز نے 8 بار فتح پائی جبکہ 2 بارکوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا۔

بھارتی ٹیم اگر یہ فائنل جیت گئی تو اس کا دوسرا ٹائٹل ہوگا، اس سے قبل دھونی کی ہی قیادت میں بھارت نے 2007 میں پاکستان کو شکست دے کر ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ٹرافی جیتی تھی،اس طرح دھونی وہ واحد کپتان بن جائیں گے۔جن کی قیادت میں ٹیم تین عالمی ٹائٹلز جیتے گی، وہ اس سے قبل ورلڈ کپ 2011 میں بھی ٹیم کو فتحیاب کراچکے،رکی پونٹنگ اور کلائیو لائیڈ کو 2 عالمی کپ اپنی ٹیم کو جتوانے کااعزاز حاصل ہے۔اسی طرح اس مقابلے میں کچھ پلیئرز اپنے ذاتی اہداف بھی حاصل کرسکتے ہیں، یوراج سنگھ کو ٹی 20 انٹرنیشنل میں 1000 رنز مکمل کرنے والے 17 ویں کھلاڑی کا اعزاز پانے کے لیے 43 رنز مزید درکار ہیں، کمار سنگاکارا کو وکٹوں کے عقب میں شکاروں کی ففٹی مکمل کرنے کے لیے مزید 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھانے میں بولرز کی مدد کرنا ہوگی۔ اگر تلکارتنے دلشان نے مہیلا جے وردنے سے میچ میں 36 رنز زیادہ نہیں بنائے تو سینئر پلیئر ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں سفر کا اختتام دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ رنز اسکور کرنے والے پلیئر کے طور پر کریںگے۔ بھارتی ٹیم جیت گئی تو یہ اس کا ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنلز میں فتوحات کا طویل ترین سلسلہ ہوگا۔
Load Next Story