لیاقت آباد کی سڑک بدستور زیر آب ہزاروں شہری پریشان

ابتدا میں فراہمی آب کی لائن پھٹی بعد میں نکاسی کی لائنوں سے بھی تیز رسائو شروع ہونے سے سڑکیں تالاب بن گئیں

لیاقت آباد میں فلائی اوور کی تعمیر کے دوران چوک ہونے والے نالے کی ازسرنو تعمیر کے لیے بھاری مشینری کے ذریعے ملبہ نکالاجارہا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

لیاقت آباد میں نکاسی آب کی لائن پھٹنے سے اطراف کی سڑکیں تالاب بن گئی ہیں، سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے سے ہزاروں شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں،3 روز سے جمع ہونے والے پانی کی نکاسی نہیں ہوسکی ہے، پانی میں گاڑیاں بند ہونے سے ٹریفک جام رہنے لگا۔

تفصیلات کے مطابق3 روز قبل رات کے وقت اچانک لیاقت آباد نمبر10کے قریب زیر زمین لائنوں سے پانی کا رساؤ شروع ہوا، واٹربورڈ اور بلدیاتی اداروں کی عدم توجہی سے پانی کا رسائو بڑھتا گیا اور اب شہر کی مرکزی شاہراہ تالاب بن گئی ہے، لیاقت آباد کے مکینوں کا کہنا ہے کہ پہلے فراہمی آب کی لائن پھٹی تھی جس سے پانی کا تیز رسائو جاری تھا جبکہ بعد میں سیوریج لائن سے بھی پانی کا تیز رسائو شروع ہوگیا، لیاقت آباد اور گردونواح کے رہائشی شدید پریشانی کا شکار ہیں سڑکیں تالاب بن گئی ہیں جس کی وجہ سے گھروں سے نکلنا محال ہوگیا ہے جبکہ سڑک پر آنے والی ٹریفک کا پانی سے گزرنا مشکل ہوگیا اکثر گاڑیاں پانی میں بند ہورہی ہیں جبکہ سڑک پر گڑھے پڑنے کی وجہ سے کئی رکشے اور موٹر سائیکلیں الٹ گئی ہیں تین دن سے بلدیاتی ادارے مسئلہ حل نہیں کرسکے، علاقے میں شہری گھروں کو آنے جانے کے لیے متبادل راستے اختیار کررہے ہیں ، مکینوں میں بلدیاتی اداروں کی نااہلی کے خلاف شدید غم و غصہ پیدا ہورہا ہے۔


علاقے کے رکن صوبائی اسمبلی محمد افتخار عالم کا کہنا ہے کہ علاقہ مکینوں کی شکایت پر بلدیہ عظمیٰ کراچی اور ادارہ فراہمی و نکاسی آب مذکورہ مقام کا معائنہ کرچکی ہے جس سے واضح ہوا ہے کہ میٹھے پانی کی لائن نہیں پھٹی بلکہ موسیٰ کالونی کے قریب سیوریج نالے میں رکاوٹ پیدا ہونے سے گلبرگ کے علاقے سے نالے میں آنے والے سیوریج کا پانی رکاوٹ کے باعث دباؤ پر لیاقت آباد 10نمبر کی طرف آیا ہے اور الکرم اسکوائر کے قریب21 انچ قطرکی سیوریج لائن پھٹ گئی ہے جس سے شاہراہوں پر پانی جمع ہے انھوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ، ڈی ایم سی وسطی اور واٹر بورڈ کے حکام کا مشترکہ اجلاس ہوا ہے جس کے بعد ہنگامی بنیاد پر مرمتی کام شروع کردیا گیا ہے۔

مرمت کے کام کے دوران 21 انچ قطر کی سیوریج لائن کے مختلف حصوں کو تبدیل کیا جائے گا، انھوں نے بتایا کہ کہ نکاسی آب کی یہ لائنیں سابق ناظم نعمت اللہ خان کے دور میں ڈالی گئی تھیں جانچ کی جارہی ہے کہ کہیں فراہمی آب کی میٹھے پانی کی لائن تو متاثر نہیں ہوئی ہے، ادارہ فراہمی و نکاسی آب کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ لیاقت آباد میں24 انچ قطر کی مرکزی ٹرنک سیوریج لائن بیٹھ جانے سے علاقے میں سیوریج کا پانی اوورفلو ہوا ہے، واقعے کی اطلاع پر چیف انجینئر وسطی موقع پر پہنچے تھے لیکن مرمت کے ابتدائی کاموں میں رسائو بند نہیں ہوسکا ہے، لہٰذا واٹر بورڈ کے عملے نے نکاسی آب کی لائن کی تبدیلی (بائی پاس)کا کام ہنگامی بنیاد پر شروع کردیا ہے جو رات تک مکمل ہوجائے گا تاہم عارضی طور پر بالائی سائٹ پر ایک عارضی بائی پاس بنادیا گیا ہے تاکہ پانی کی کسی حد تک نکاسی ہوسکے اور سیوریج نظام اوور فلو نہ ہو۔
Load Next Story