درگاہ عبداللہ شاہ غازی کے قریب فلائی اوور کے حق میں مظاہرہ

انڈر پاس اور فلائی اوورکی تعمیر رکنے سے ہزاروں افراد کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑیگا،مظاہرین

درگاہ عبداللہ شاہ غازی کے قریب فلائی اوورکے تعمیراتی کام کے حق میں مظاہرہ کیاجارہا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

درگاہ عبداللہ شاہ غازی ایڈمنسٹریشن اینڈ مینجمنٹ کمیٹی کے وائس چیئرمین حاجی صابر دائود کی قیادت میں درگاہ سید عبداللہ شاہ غازی کے باہر واقع چورنگی پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔


مظاہرین نے درگاہ سے متصل جاری انڈر پاس اور فلائی اوور کے ترقیاتی منصوبے کے خلاف ڈیفنس ہائوسنگ اتھارٹی کی جانب سے عدالت عالیہ سندھ سے لیے گئے حکم امتناع پر غم و غصہ کااظہار کیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ عدالت کی جانب سے جاری کردہ حکم امتناع کے باعث ترقیاتی کام التوا کا شکار ہوجائے گا جس سے زائرین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا، مظاہرین نے پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔

مظاہرین نے سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر ناظر مقرر کریں جو زائرین کی مشکلات کا اندازہ لگا کر عدالت عالیہ کو حقائق سے آگاہ کرے، پراجیکٹ اینڈ مینجمنٹ کمیٹی کی جانب سے کیے گئے مظاہرے میں زائرین نے کثیر تعداد میں شرکت کی، واضح رہے کہ بحریہ ٹائون کے سربراہ ملک ریاض کی جانب سے درگاہ کے باہر شاہراہ عبداللہ شاہ غازی پر انڈر پاس اور فلائی اوور کا تعمیراتی کام کرایا جارہا ہے۔
Load Next Story