فیملی سرکل کپ ٹینس جینا کیریئر کی پہلی ٹرافی کے قریب پہنچ گئیں

سیمی فائنل میں سوئس کوالیفائر بیلینڈا کو پچھاڑ دیا، مونٹریری ایونٹ میںایوانووک نے ووزینسکی کو مات دیدی

ٹائٹل کیلیے آندریا پیٹکووک سے مقابلہ ہوگا، سیمی فائنل میں سوئس کوالیفائر بیلینڈا کو پچھاڑ دیا، مونٹریری ایونٹ میںایوانووک نے ووزینسکی کو مات دیدی۔ فوٹو: گیٹی امیجز

جینا سیپلووا نے حیران کن سفر جاری رکھتے ہوئے فیملی سرکل کپ ٹینس کے فائنل میں جگہ بنالی، وہ کیریئر کی پہلی ڈبلیو ٹی اے ٹرافی کیلیے جرمن پلیئر آندریا پیٹکووک سے مقابلہ کریں گی۔


دوسرے رائونڈ میں دفاعی چیمپئن سرینا ولیمزکو ٹھکانے لگانے والی 20 سالہ سلواکین پلیئر جینا سیپلووا نے سیمی فائنل میں سوئس کوالیفائر بیلینڈا بینسک کو ہرادیا، پیٹکووک نے ایوگنی بوچارڈ کو زیر کیا، مونٹریری ایونٹ میں ایناایوانووک نے سیمی فائنل میں کیرولین ووزینسکی کو ٹھکانے لگادیا۔ تفصیلات کے مطابق فیملی سرکل کپ ٹینس میں 20 سالہ سلواکین پلیئر جینا سیپلووا نے حیران کن سفر جاری رکھتے ہوئے فائنل میں جگہ بنالی، سیمی فائنل میں انھوں نے 17 سالہ سوئس کوالیفائر بیلینڈا بینسک کو 6-4 ،5-7 ، 7-6 (9/7) سے زیر کیا، سیپلووا نے تیسرے سیٹ میں بیلینڈا کیخلاف تیسرے سیٹ میں ایک موقع پر5-4 کی برتری حاصل کی ہوئی تھی، لیکن وہ میچ پوائنٹ حاصل نہیں کرپائیں، جس کے بعد مقابلہ ٹائی بریکر تک چلاگیا، جس پر فتح جینا کا مقدر بنی، دوسرے سیمی فائنل میں جرمن کھلاڑی آندریا پیٹکووک نے چھ سیڈ کینیڈین پلیئرایوگنی بوچارڈ کو 1-6،6-3 اور7-5 سے قابو کرلیا۔

عالمی درجہ بندی میں سردست 40ویں پوزیشن پر فائزآندریا کو فائنل میں جینا کیخلاف اپنے تجربے کی بنیاد پر سبقت حاصل ہوگی، سیمی فائنل میں انھوں نے خوبرو کینیڈین پلیئر ایوگنی بوچارڈ پر بالادستی قائم کیے رکھی، جرمن کھلاڑی آندریا کیخلاف یہ فتح جذباتی بھی رہی، ان کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے تمام انجری مسائل سے چھٹکارا پانے کے بعد بھرپور ردھم پالیا ہے، اس سے قبل مجھے قطعی امید نہیں تھی کہ میں کسی بڑے ایونٹ کا فائنل کھیل پائوں گی لیکن آج کی کامیابی پر مجھے فخر محسوس ہورہا ہے، تاہم انھوں نے تسلیم کیا کہ ایوگنی سے میچ آسان نہیں تھا، اس نے جارحانہ کھیل پیش کیا، میں دوسرے سیٹ میں خوش قسمت بھی رہی۔ دوسری جانب میکسیکو کے شہر مونٹریری میں جاری ڈبلیو ٹی اے ایونٹ میں سیکنڈ سیڈ سربیا کی ایناایوانووک نے تھرڈ سیڈ کیرولین ووزینسکی کو 7-6(7/5) ، 6-4 سے ہرادیا، سربیا کی جوآنا جیسک نے جاپانی حریف کیمکو ڈیٹ کروم کو6-7 (5/7) ، 6-4 اور6-4 سے مات دے دی۔
Load Next Story