اے این ایف نے57 کلو ہیروئن برآمد کر کے3اسمگلر گرفتار کر لیے

ہیروئن بندرگاہ پر رکھے کنٹینر میں کھانے کے تیل کے ڈبوں میں چھپائی گئی تھی،گرفتار ملزمان میں ایک غیر ملکی بھی شامل ہے

اینٹی نارکوٹکس فورس کے اہلکاربندرگاہ سے برآمد کی جانے والی ہیروئن کے ہمراہ کھڑے ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

اینٹی نارکوٹکس فورس سندھ نے ہیروئن اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک غیر ملکی سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کر کے57 کلو اعلیٰ معیارکی ہیروئن برآمد کر لی۔


تفصیلات کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس سندھ نے خفیہ اطلاع پر بندرگاہ پر کارروائی کرتے ہوئے ایک کنٹینر سے57 کلو اعلیٰ معیار کی ہیروئن برآمد کر کے3 ملزمان کوگرفتار کرلیا ہے، اینٹی نارکوٹکس فورس کے ترجمان کے مطابق برآمد کی جانے والی ہیروئن افریقہ کے ملک نائیجریا کے شہر بینن اسمگل کی جا رہی تھی اے این ایف نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے کوشش ناکام بنادی۔

برآمد کی جانے والی ہیروئن انتہائی مہارت سے کھانا پکانے کے تیل کے ڈبوں میں چھپائی گئی تھی انھوں نے بتایا کہ برآمد کی جانے والی ہیروئن کی عالمی مارکیٹ میں قیمت کروڑوں روپے ہے ، کارروائی کے دوران اے این ایف نے 3 ملزمان کو گرفتار کیا ہے،جن میں ایک غیرملکی بھی شامل ہے جن کے نام صیغہ راز میں رکھے گئے ہیں انھوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے جبکہ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
Load Next Story