ویمنز ٹی 20 رینکنگ آسٹریلوی بولرز نے نمایاں بہتری حاصل کرلی

سارہ کوئٹ نے چوتھی پوزیشن پر قبضہ جمالیا، الیسی پیری آٹھویں نمبر پر آگئیں،پاکستانی بسمہٰ معروف 12ویں بہترین بیٹسویمن

سارہ کوئٹ نے چوتھی پوزیشن پر قبضہ جمالیا، الیسی پیری آٹھویں نمبر پر آگئیں،پاکستانی بسمہٰ معروف 12ویں بہترین بیٹسویمن

ویمنز ورلڈ ٹی20 کے بعد جاری شدہ نئی آئی سی سی رینکنگ میں آسٹریلوی بولر سارہ کوئٹ اور الیسی پیری نے نمایاں بہتری حاصل کی، انگلینڈ کیخلاف فائنل کی بہترین پلیئر قرار پانے والی سارہ نے6 درجے ترقی ملنے پر چوتھی پوزیشن پر قبضہ جمالیا۔


ہموطن الیسی بھی کامیابی کے4 زینے طے کرنے کے بعد آٹھویں نمبر پر آگئیں، پاکستانی کپتان ثنا میر حسب سابق بولنگ میں20 ویں پوزیشن پر براجمان ہیں، بیٹنگ میں بسمہٰ معروف4 درجے ترقی ملنے پر12ویں پوزیشن پر پہنچ گئیں، نین عابدی2 درجے تنزلی کے باوجود ٹاپ20 کی آخری شریک بنی رہیں۔تفصیلات کے مطابق ڈھاکا میں اتوار کو ختم ہونے والے چوتھے ویمنز ورلڈ ٹی20 کے اختتام پر آئی سی سی نے نئی رینکنگ جاری کر دی، ٹائٹلز فتوحات کی ہیٹ ٹرک بنانے والی آسٹریلوی ٹیم کی 2 پلیئرز نے بولنگ رینکنگ میں نمایاں بہتری حاصل کی، انگلینڈ کیخلاف فائنل میں16رنز کے عوض3 وکٹیں حاصل کرنے والی پلیئر آف دی میچ سارہ کوئٹ نے6 درجے ترقی پانے پرچوتھی پوزیشن ہتھیالی، انھوں نے مجموعی طور پر ایونٹ میں9 وکٹیں اپنے نام کیں، سارہ نے ہر وکٹ کیلیے 11.22 کی اوسط سے رنزدیے جبکہ ان اکانومی ریٹ4.80 رہا، الیسی پیری نے 4 درجے ترقی ملنے پر آٹھویں پوزیشن سے ٹاپ ٹین میں واپسی اختیار کرلی، وہ اگست 2013 کے بعد پہلی مرتبہ اس فہرست میں شامل ہوئیں، انھوں نے ایونٹ میں مجموعی طور پر8 شکار کیے، ویسٹ انڈین اسپنر انیسہ محمد 2 درجے ترقی سے چھٹی پوزیشن پربراجمان ہوگئیں۔

جنوبی افریقی میریزین کاپ بھی ان کی ساجھے دار بنی ہوئی ہیں، انھیں ایک درجے تنزلی کا سامنا رہا، بنگلہ دیشی کپتان سلمیٰ خاتون نے2 درجے ترقی کے بعد پہلی مرتبہ نمبرون بولر بننے کا اعزاز حاصل کرلیا، سری لنکن یودیشیکا پربھودونی اور کیوی بولر مورنا نیلسن ایک، ایک درجے تنزلی سے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن پر چلی گئیں، ورلڈ ٹی20 کی بہترین پلیئر کا ایوارڈ جیتنے والی انگلش بولر اینیا شربھوسلے 2 درجے ترقی پر13ویں پوزیشن کی حقدار بنیں، آئرلینڈ کی ایسوبیل جوائس کو4 درجے بہتری نے15ویں نمبر پر پہنچا دیا، پاکستانی کپتان ثنامیر حسب سابق20 ویں پوزیشن پر ہیں، بیٹنگ ٹاپ10میںکوئی تبدیلی نہیں ہوئی، آسٹریلوی کپتان میگ لیننگ سرفہرست ہیں، شارلوٹ ایڈورڈزدوسرے، سارہ ٹیلر تیسرے، سوزی بیٹس چوتھے، متھالی راج پانچویں، دیندرا ڈوٹن چھٹے، اسٹیفنی ٹیلر ساتویں، پونم راؤت آٹھویں، ہرمنپریت کور نویں اور جیسکا کیمرون 10ویں نمبروں پر ہیں، میگنون ڈو پریزایک درجے ترقی ملنے پر11ویں نمبرپرآگئیں، پاکستانی بسمہٰ معروف نے4 درجے بہتری سے 12ویں پوزیشن پر قدم جمالیے، نین عابدی 2 درجے تنزلی کے بعد20 ویں نمبر پرچلی گئیں، آل راؤنڈرز میں سری لنکن کپتان ششی کلا سری وردنے پہلی پوزیشن پرڈٹی ہوئی ہیں، ویسٹ انڈیز کی اسٹیفنی ٹیلر نے بنگلہ دیشی کپتان سلمیٰ خاتون سے دوسری پوزیشن چھین کر انھیں تیسرے نمبر پر دھکیل دیا، آئرلینڈ کی ایسوبیل جوائس پہلے کی طرح چوتھے اور سوزی بیٹس پانچویں نمبر پر ہیں۔
Load Next Story