وانا حکیم اللہ اور سجنا گروپوں میں جھڑپ کمانڈر سمیت4افراد ہلاک

شکتوئی میں گھات لگائے افرادنے کمانڈر کشید خان کی گاڑی کوفائرنگ کانشانہ بنایا

واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی، طوی خورہ میں سابق صوبائی وزیر شیر اعظم کا بھتیجا ساتھیوں سمیت اغوا، کسی نے ذمے داری قبول نہیں کی فوٹو: اے ایف پی/فائل

KARACHI:
شمالی اور جنوبی وزیرستان کے سرحدی علاقے میں طالبان کے حکیم اﷲ اور خان سید عرف سجنا گروپوں میں فائرنگ کے تبادلے میں حکیم اﷲ گروپ کے 4 افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔


سرکاری ذرائع کے مطابق شکتوئی کے علاقے میں گھات لگائے بیٹھے افراد نے ایک گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی جس سے 4 افراد ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔ دیگر ذرائع کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ خان سید عرف سجنا اور حکیم اللہ کے حامیوں میں ہوا، ہلاک ہونے والے چاروں افراد کا تعلق حکیم اﷲ گروپ سے بتایا جاتا ہے جن میں اہم کمانڈر کشید خان بھی شامل ہے جو حکیم اللہ گروپ کا مقامی کمانڈر تھا۔ واقعے کے بعد علاقے میں دونوں گروپوں میں کشیدگی پھیل گئی۔

اس سے پہلے فروری میں طالبان کے انتہائی اہم کمانڈر اور ٹی ٹی پی شوریٰ کے رکن عصمت اللہ شاہین بیٹنی شمالی وزیرستان میں فائرنگ کے واقعے میں ہلاک ہو گئے تھے۔ این این آئی کے مطابق انٹیلی جنس ذرائع کا کہنا ہے کہ بیٹنی کے قتل میں سجنا گروپ ملوث تھاکیونکہ عصمت اللہ بیٹنی نے حکیم اللہ محسود کے جانشین کے طور پر سجناکی مخالفت اور ملا فضل اللہ کی حمایت کی تھی۔
Load Next Story