ائیرپورٹس کی تکمیل میں تاخیر ورلڈ کپ کے دوران بھیڑ بھاڑ اور گڑ بڑ کا خطرہ

فورٹیلیزا میں عارضی خیمہ ٹرمینل بنے گا،دیگر شہروں میں بھی متبادل منصوبہ بندی،ساؤپاؤلواسٹیڈیم کا تعمیراتی کام شروع

فورٹیلیزا میں عارضی خیمہ ٹرمینل بنے گا،دیگر شہروں میں بھی متبادل منصوبہ بندی،ساؤپاؤلواسٹیڈیم کا تعمیراتی کام شروع. فوٹو فائل

درجن بھر میزبان شہروں کے نئے ایئرپورٹس ٹرمینلز کی تکمیل میں تاخیر سے ورلڈ کپ کے دوران بھیڑبھاڑ اور گڑبڑ کا خطرہ پیدا ہوگیا۔


فورٹیلیزا میں شائقین کیلیے عارضی خیمہ ٹرمینل استعمال کیا جائے گا، دیگر شہروں میں بھی متبادل منصوبہ بندی کی جارہی ہے، ساؤپاؤلو اسٹیڈیم کی تعمیر کا کام دوبارہ شروع ہوگیا، شمالی حصے میں حفاظتی جال کی تنصیب تک کام رکا رہے گا۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ کے آغاز میں صرف10 ہفتے باقی ہیں لیکن میزبانی کرنے والے درجن بھر شہروں کے نئے ایئرپورٹس ٹرمینلز کی تکمیل میں تاخیر سے ٹورنامنٹ کے دوران بھیڑبھاڑ اور گڑبڑ کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے،7 میچز کی میزبانی کرنے والے فورٹیلیزا میں ایک عارضی خیمہ ٹرمینل استعمال کیا جائیگا۔ گذشتہ روز صدر دلما روسیف کے سیمی فائنل سائٹ بیلو ہوریزونٹے ایئرپورٹ کے دورے کے دوران حکام نے اقرار کیا کہ تعمیر کا کام وقت پر مکمل نہیں ہوسکے گا، دیگر شہروں میں بھی متبادل منصوبہ بندی کی جا رہی ہے ۔ فٹبال کے عظیم کھلاڑی پیلے کا کہنا ہے کہ برازیلین ایئرپورٹس کی صورتحال سے ٹورنامنٹ پر بُرا اثر پڑیگا، ملک کو ان کی تیاریوں کیلیے کئی برس ملے تھے مگر مجھے افسوس ہے کہ اس حوالے سے زیادہ کام نہیں ہوا۔

ایئرپورٹ آپریشنز کی نگرانی کرنے والی سرکاری ایجنسی انفراایرو کے مطابق گذشتہ ماہ کے آغاز پر7ورلڈ کپ میزبان شہروں کے ایئرپورٹس کی تزئین نوکا کام صرف آدھا مکمل یا زیادہ خراب ہے۔ برازیل کے وزیر برائے شہری ہوابازی موریرا فرینکو نے کہاکہ تاخیر کے باوجود ایئرپورٹس ورلڈ کپ کے شائقین کو سنبھال سکتے اور بقیہ کام ٹورنامنٹ کے دوران مکمل ہوسکتا ہے۔ نجی پروجیکٹس کو بھی اسکروٹنی کا سامنا ہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے رواں برس تاخیر کی اطلاع کے بعد3 نجی ایئرپورٹس کے معائنے دگنا کردیے ہیں۔ دریں اثنا آرگنائزرز کی جانب سے رواں برس کے فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کرنیوالے اتاکیوراؤ اسٹیڈیم کی وقت پر تعمیر کیلیے کام دوبارہ شروع ہوگیا ہے، برازیل کے وزارت محنت نے گذشتہ روز ورکرز کو سائٹ پر واپس آنے کی اجازت دیدی تھی، عارضی نشستوں کی تنصیب کے دوران ایک 23 سالہ مزدور کے گرنے کے سبب کام 9 دن سے بند تھا۔ وزارت کے مطابق کنٹریکٹر فاسٹ اینجنہیریا نے مستحکم حفاظتی اقدامات کا وعدہ کیا ہے، ان میں کیبلز کی زیادہ تعداد، پٹریوں کی حفاظت اور متحرک پلیٹ فارم شامل ہیں۔ اسٹیڈیم کے شمالی حصے پر کام رکا رہے گا کیونکہ وہاں حفاظتی جال کی تنصیب ہو رہی ہے۔ ابتدائی طور پر400 ملین ڈالر لاگت والے اسٹیڈیم پر کام کا تخمینہ 480 ملین ڈالر لگایا جا رہا ہے۔ بلڈر اودے برشٹ نے کہاکہ68ہزار نشستوں والا وینیو مئی کے اوائل میں مکمل ہو جائے گا۔ اتاکیوراؤ 6 ورلڈ کپ میچز کی میزبانی کرے گا جس میں12جون کو برازیل اور کروشیا کے درمیان افتتاحی میچ بھی شامل ہے۔
Load Next Story