منسوب انکلوژر کا نام بدل دیا جائے عبدالقادر کا مطالبہ

حفیظ کی جگہ اکرم سے استعفیٰ لینا چاہیے تھا، آفریدی کو کپتان بنانا مناسب ہوگا، عبدالقادر

حفیظ کی جگہ اکرم سے استعفیٰ لینا چاہیے تھا، آفریدی کو کپتان بنانا مناسب ہوگا۔ فوٹو: فائل

پی سی بی کے رویے سے مایوس سابق ٹیسٹ اسٹار عبدالقادر نے قذافی اسٹیڈیم میں خود سے منسوب انکلوژر کا نام تبدیل کرنے کا مطالبہ کر دیا۔


ان کے مطابق مجھ سمیت وسیم باری اور جاوید میانداد کو بورڈ سے تو نکال دیا گیا اب عہدیدار اسٹیڈیمز میں ہم سے منسوب انکلوژرز بھی ختم کر کے وہاں اپنے نام لکھوا لیں۔کپتان محمد حفیظ کی جگہ بولنگ کوچ محمد اکرم سے استعفی لینا چاہیے تھا، شاہد آفریدی کو ایک روزہ اور ٹوئنٹی20 ٹیم کا کپتان بنا دینا چاہیے۔ وہ گذشتہ روز نمائندہ ''ایکسپریس'' سے خصوصی بات چیت کر رہے تھے۔ماضی کے عظیم لیگ اسپنر نے کہا کہ نجم سیٹھی نے مجھ سمیت تین سابق عظیم کرکٹرز وسیم باری اور جاوید میانداد کوکرکٹ بورڈ سے نکال دیا،اب میری چیئرمین سے گزارش ہے کہ وہ قذافی اسٹیڈیم میں ہمارے نام کے انکلوژرز ختم کر کے انھیں اپنے اور دیگر آفیشلز سے منسوب کردیں، دلبرداشتہ عبدالقادر نے کہا کہ پی سی بی کرکٹرز کی وجہ سے ہے لیکن عہدیداروں نے بیمار احتشام الدین، عظمت رانا، شفقت رانا، معین العتیق سمیت متعدد پلیئرز کو بے روزگار کر کے ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے کر دیے۔

انھوں نے کہا کہ ثقلین مشتاق، وسیم اکرم، وقار یونس اور رمیز راجہ سمیت بڑے کھلاڑیوں کے تجربے سے غیر ملکی فائدہ اٹھا رہے ہیں، ماضی میں ہم نے حنیف محمد اور فضل محمود کی صلاحیتوں کو زنگ لگا دیا، اب اگر ملک میں موجود کرکٹرز بھی باہر چلے گئے تو پی سی بی کا اللہ ہی حافظ ہے۔ عبدالقادر نے کہا کہ ورلڈ ٹوئنٹی20 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف آخری پانچ اوورز میں بولرز نے ناقص کارکردگی دکھائی جس کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے بولنگ کوچ محمد اکرم کو فارغ کیا جانا چاہیے تھا لیکن کپتان محمد حفیظ کو قربانی کا بکرا بنا دیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ گذشتہ 5برس سے کہہ رہا ہوں کہ شاہد آفریدی تھری ان ون کرکٹر ہے، اس کی جتنی بھی کرکٹ باقی ہے اس سے فائدہ اٹھانا چاہیے لیکن وسیم اکرم، شعیب اختر اور محمد یوسف سمیت بعض سابق پلیئرز نے بلاوجہ ان پر تنقید کی،ایک بار پھر کہتا ہوں کہ شاہد آفریدی کو ایک روزہ اور ٹوئنٹی20 ٹیم کا کپتان بنا دیا جائے، اس سے ٹیم کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔
Load Next Story