خالدبن ولیدروڈپرمشکوک بیگ سے 13کلو وزنی بم برآمد

بیگ زیرتعمیر عمارت کے سامنے رکھاگیاتھا،فیروزآباد پولیس کوفون پراطلاع ملی تھی

کراچی: فیروز آباد پولیس کے اہلکار خالد بن ولیدروڈ سے ملنے والا دھماکا خیز مواد دکھارہے ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

خالدبن ولیدروڈ پر زیرتعمیر عمارت کے سامنے رکھے مشکوک بیگ سے 13کلو وزنی بم برآمدہوا۔ بم ڈسپوزل یونٹ کے عملے نے بم کوناکارہ بنادیا۔


تفصیلات کے مطابق فیروزآباد پولیس کوفون پراطلاع ملی کہ خالدبن ولیدروڈ پر زیرتعمیر عمارت کے سامنے ایک مشکوک بیگ موجودہے جس میںکچھ مشتبہ چیزیںنظر آرہی ہیں۔ اطلاع ملنے پرپولیس پارٹی وہاںپہنچی اوربیگ میں مشتبہ چیزیں موجود ہونے کی بناپر علاقے کوگھیر ے میں لیتے ہوئے بم ڈسپوزل اسکواڈکو طلب کرلیا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈجیمرز کے ہمراہ وہاں پہنچا اوربم کو ناکارہ بنایا۔ ذرائع کے مطابق برآمدہونیوالے بم 13کلو سے زائدتھا جس میں مختلف کیمیکلزکا مکسچر اور امونیم نائٹریٹ بھاری مقدارمیں شامل تھا۔ یہ بظاہرخوف وہراس پھیلانے کی سازش تھی ۔

تاہم پولیس تفتیش کررہی ہے۔ جائے وقوع پر سی آئی ڈی کے افسران مظہرمشوانی اورراجا عمرخطاب بھی پہنچ گئے اوربم سے متعلق تفصیلات جمع کیں۔ سی آئی ڈی انچارج انسپکٹرراجا عمرخطاب کاکہنا ہے کہ جس مقام پربم موجود تھا اس سے کچھ فاصلے پراہلحدیث مسلک کی مسجدبھی ہے۔ واضح رہے گزشتہ ہفتے گلشن اقبال اوراسٹیل ٹاؤن میں اہلحدیث کی مسجد و مدرسے کے باہرحملہ کیاگیا تھا۔ اب تک جوشواہد ملے ہیںان سے یہی بات سامنے آئی ہے کہ ملزمان کا مقصد مسجد کو نشانہ بنانا تھا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ ذرائع کے مطابق مذکورہ بم میں کوئی بال بیرنگ یا نٹ بولٹ موجودنہیں تھے۔
Load Next Story