لاہور میں خاتون ٹیچر اسلحے کے زور پر اسکول سے اغوا پولیس نے بازیاب کرالیا

پانچ ملزمان اسکول میں گھسے، ٹیچرز کے نقاب اتار اتار کر متاثرہ ٹیچر کو شناخت کیا اور فائرنگ کرتے ہوئے ٹیچر کو لے گئے

(فائل فوٹو)

تھانہ کاہنہ کے علاقے میں نجی اسکول سے خاتون ٹیچر کو اسلحے کے زور پر اغوا کرلیا گیا، پولیس نے چھاپے مار کر ٹیچر کو بازیاب کرالیا اور پانچ میں سے چند ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

رپورٹ کے مطابق 5 مسلح ملزمان اسلحے کے زور پر خاتون ٹیچر کو اسکول سے اغوا کر کے لے گئے ملزمان نے اسکول میں فائرنگ بھی کی جس سے اسکول میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

ملزمان اسکول کی تمام ٹیچرز کے نقاب اتار کر چیک کرتے رہے۔ جویریہ نامی ٹیچر کی نشاندہی کے بعد ملزمان اس کو اغوا کر کے موقع سے فرار ہو گئے، ملزمان نے اسکول کی کھڑکیوں کے شیشہ اور دروازے بھی توڑ ڈالے۔


مغوی ٹیچر جویریہ کے والد کی مدعیت میں واقع کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطا بق 5 مسلح ملزمان نے صبح کے وقت اسکول میں موجود جویریہ نامی ٹیچر کو اسلحہ کے زور پر اغوا کیا جبکہ اسکول میں موجود دیگر اساتذہ کو یرغمال بنا لیا۔

پولیس نے خاتون ٹیچر کے والد کی مدعیت میں اغوا کا مقدمہ درج کرکے بازیاب کے لیے ٹیمیں تشکیل دیں اور چھاپوں کے بعد ٹیچر کو بازیاب کرالیا۔

انچارج انویسٹی گیشن نوید اعوان نے بتایا کہ پولیس نے اغوا کاروں سے کچھ ملزمان کو گرفتار کرلیا بقیہ کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں، اغواکاروں سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا ہے۔
Load Next Story