پاک کالونی کباڑی کی دکان کا باہر کیمیکل ڈرم پھٹنے سے ایک لڑکا ہلاک12زخمی

کباڑیے کی دکان سمیت متعدد دکانوںکونقصان ،دھماکے سے علاقے میں خوف،کاروبار بند، پولیس اور رینجرزنے علاقے کو گھیرلیا۔

پاک کالونی میں کباڑی کی دکان کے باہر کیمیکل ڈرم میں دھماکے کے بعد جائے وقوع کا رینجرز اہلکار معائنہ کررہے ہیں (فوٹو :ایکسپریس)

پاک کالونی بڑا بورڈ میںکباڑی کی دکان کے باہر رکھا ہوا کیمیکل کا ڈرم خوفناک دھماکے سے پھٹ گیا۔

جس کے نتیجے میںنوعمرلڑکا ہلاک جبکہ 2کمسن لڑکیوں سمیت 12افراد زخمی ہوگئے ، دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور تک سنائی دی جبکہ دھماکے سے قریب ہی کھڑے ہوئے رکشے میں آگ لگ گئی جبکہ کباڑیے کی دکان سمیت متعدد دکانوںکو شدید نقصان پہنچا ۔

تفصیلات کے مطابق پاک کالونی کے علاقے بڑا بورڈ کے قریب کباڑی عبدالواحد کی دکان کے سامنے رکھا ہوا کیمیکل ڈرم خوفناک دھماکے سے پھٹ گیا جسکے نتیجے میں دکان کا ملازم 13 سالہ بابر ولد راحیل ہلاک ہوگیا۔


جبکہ دھماکے سے2 سالہ حمیمہ ،15 سالہ انیلا ، 8سالہ حمزہ ،13سالہ محمد احمد،30 سالہ مشاہد، 30 سالہ عبدلواحد ،15 سالہ عبداﷲ ،5 سالہ حمزہ ، 45 سالہ عبدل سعید ،25 سالہ شاہد ، 32 سالہ حامد ، 15 سالہ اﷲ نواز اور 24 سالہ اشفاق زخمی ہوگیا ،ہلاک و زخمیوںکو عباسی شہید اسپتال لے جایا گیا ،دھماکے سے علاقے میں شدید خوف وہراس پھیل گیا اور دکانداروں نے دکانیں وکاروبار بندکردیا.

جبکہ قریب ہی کھڑا رکشا بھی تباہ ہوگیا،واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کرعلاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ فوری طور پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا گیا ، ایس ایس پی ویسٹ عامر فاروقی نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے اسے کیمیکل کا دھماکا قرار دیتے ہوئے دستی بم حملے کی تردید کی ہے .

پولیس کا کہنا ہے کہ کباڑیے کی دکان پر فروخت کی جانے والی بوتلوں میں بچ جانے والا کیمیکل ایک ڈرم میں انڈیلا جارہا تھا کہ اس دوران زور دار دھماکا ہوا اور پلاسٹک کے ڈرم میں بوتلیں خالی کرنے والا دکان کا ملازم بابر اچھل کر کئی فٹ دور جا گرا اور موقع پر ہی ہلاک ہوگیا دیگر افراد زخمی ہوگئے،بی ڈی ایس کے افسر چن زیب عباسی نے بتایا کہ دھماکا کیمیکل کا تھا۔
Load Next Story