یو ایس کلے کورٹ ٹینس ٹاپ سیڈ اسنر کا دوسرے ہی راؤنڈ میں کام تمام

ورلڈ نمبر 101 ڈسٹن براؤن پچھاڑ کرکوارٹر فائنل میں پہنچ گئے، لیٹن ہیوٹ کو شکست۔

ورلڈ نمبر 101 ڈسٹن براؤن پچھاڑ کرکوارٹر فائنل میں پہنچ گئے، لیٹن ہیوٹ کو شکست۔ فوٹو: فائل

ہوسٹن میں جاری یو ایس مینزکلے کورٹ ٹینس چیمپئن شپ میں ٹاپ سیڈ جان اسنرکا دوسرے ہی راؤنڈ میں کام تمام ہو گیا، ورلڈ نمبر101ڈسٹن براؤن انھیں پچھاڑکرکوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔


آسٹریلوی اسٹار لیٹن ہیوٹ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، بھارتی پلیئر سوم دیو دیو ورمن نے پہلے ہی میچ میں ہتھیار ڈال دیے،بوگوٹا ویمنز ایونٹ میں امریکی6 سیڈ وانیا کنگ اور اسپین کی8سیڈ لورڈیس ڈومنگوئز نے تیسرے راؤنڈ میں جگہ بنالی، سربیا کی ٹاپ سیڈ جیلینا جینکووک فرانس کی متھلڈی جوہانسن کو ہرا کر دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق جرمنی کے ڈسٹن براؤن نے یو ایس مینزکلے کورٹ چیمپئن شپ میں ٹاپ سیڈ امریکی پلیئر جان اسنر کو قابوکرکے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی، عالمی نمبر101 براؤن نے ریور اوکس کنٹری کلب میں ہارڈ ہٹنگ دفاعی چیمپئن اسنر کو 6-4 ، 6-7 (7/9) اور 7-6 (7/4) سے آؤٹ کلاس کیا،اسنر نے دوسرا سیٹ ٹائی بریکر پر جیتا لیکن براؤن نے فائنل سیٹ میں ٹائی بریک پر ہی میچ اپنے حق میں کرلیا، یہ ان کی ٹاپ 10 حریفوں کیخلاف پہلی کامیابی ہے۔دنیا میں نمبر9 پر موجود براؤن نے2013 فائنل میں نکولس المارگو کو ہرایا تھا۔ براؤن کو اب کوارٹر فائنل میں سام کیورے کا چیلنج درپیش ہوگا،2010 ہوسٹن فائنلسٹ نے سابق چیمپئن آسٹریلیا کے لیٹن ہیوٹ پر قابو پالیا۔

ساتویں سیڈ سابق ورلڈ نمبر ون کیخلاف ان کی فتح کا اسکور6-3،6-4 رہا،مقابلہ صرف76 منٹ میں ہی ختم ہو گیا، ہیوٹ نے2009 میں ہوسٹن میں ٹائٹل جیتا تھا۔ پہلے راؤنڈ کے میچز میں ارجنٹائن کے جوآن مناکو نے بھارت کے سوم دیو دیوورمن کو 7-6 (7/4) اور 6-2 سے ہرایا،کولمبیئن پلیئر سانتیاگو جیرالڈو نے آسٹریلوی کھلاڑی میتھیو ایبڈن کو 6-1 اور 6-2 سے زیر کیا، موناکو نے 2 برس قبل ٹائٹل پر قبضہ کیا تھا۔ ادھر کولمبیا کے شہر بوگوٹا میں جاری ویمنز ٹینس میں امریکن سیڈڈ 6 وانیا کنگ نے ارجنٹائن کی ماریا اریگوئن کو 6-4 ،3-6 اور 6-0 سے مات دے دی ، اسپین کی8 ویں سیڈ لورڈیس ڈومنگوئز نے کولمبیا کی یولینا لیزارازو کو 6-2 اور 6-3 سے قابو کیا،، تیسرے راؤنڈ میں پہنچنے والی دیگر پلیئرز میں کولمبیا کی ماریانا ڈیوکیو نے روس کی اریناخروماچیوا کو 6-2 اور 6-4 سے زیر کیا، جنوبی افریقہ کی شینل شیپرز نے روس کی الیکسینڈرا پانووا کو 6-3 اور 6-2 سے مات دی۔ قبل ازیں سربیا کی ٹاپ سیڈ جیلینا جینکووک فرانس کی متھلڈی جوہانسن کو 7-5 اور 7-5 سے ہرا کر دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئیں۔
Load Next Story