جامعہ کراچی اساتذہ و عملے کے بجلی کے ٹیرف میں200 فیصد تک اضافہ

گھروں سےمحروم اساتذہ غیرتیارشدہ فلیٹوں کی تزئین وآرائش اپنےاخراجات سے خود کروانے کے بعد ان میں رہائش اختیارکرسکیں گے

انتظامیہ اساتذہ کی تنخواہ سے’’ہاؤس رینٹ‘‘منہا نہیں کرے گی،وائس چانسلر ڈاکٹر محمد قیصر کی زیرصدارت اجلاس میں فیصلہ فوٹو: فائل

KARACHI:
جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے مالی خسارے کابوجھ کم کرنے کے لیے کیمپس میں مقیم اساتذہ و غیرتدریسی عملے کے بجلی بلوں کے ٹیرف میں30سے 200فیصد تک اضافہ کردیا۔


کیمپس میں گھروں سے محروم اساتذہ کے لیے ''سیلف فنانس''اسکیم بھی متعارف کروادی گئی ہے جس کے تحت یونیورسٹی اساتذہ غیرتیارشدہ فلیٹوں کی تزئین وآرائش اپنے اخراجات سے خود کروانے کے بعد ان میں رہائش اختیارکرسکیں گے ،جامعہ کراچی کی انتظامیہ متعلقہ اساتذہ کی تنخواہوں سے''ہاؤس رینٹ''منہا نہیں کریگی،اس بات کافیصلہ جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر کی زیرصدارت ''ہاؤس الاوٹنمنٹ ایڈوائزری کمیٹی '' کے منعقدہ اجلاس میں کیاگیا، مذکورہ سیلف فنانس اسکیم ہاؤس الاوٹنمنٹ ایڈوائزری کمیٹی کے کنوینر پروفیسر انور زیدی کی جانب سے اجلاس میں پیش کی گئی تھی جسے منظورکرلیا گیا ، اجلاس میں کیے گئے فیصلے کے مطابق یونیورسٹی کیمپس میں قائم '' اے ''کیٹگری کے گھروں کی بجلی کا بل 2500روپے ماہانہ سے بڑھا کرساڑھے 4 ہزار روپے ماہانہ کردیا گیا ہے،''بی'' کیٹگری کے گھروں کے بجلی کے مقررہ ریٹ 1200روپے سے بڑھاکر3700روپے کیے گئے ہیں۔

''سی''کیٹگری کے بجلی کے ریٹ 1100سے بڑھا کر3 ہزار روپے ،''ڈی''کیٹگری ایک ہزارروپے سے بڑھا کر 2500 روپے، ''ای'' کیٹگری کے بجلی کے ریٹ 900 روپے سے بڑھا کر 1500 روپے، ''ایف'' کیٹگری کے ریٹ 900 سے بڑھا کر 1200 اور ''جی''کیٹگری کے ریٹ 600 سے بڑھاکرایک ہزارروپے کردیے گئے ہیں، واضح رہے کہ بجلی کے ٹیرف میں اضافے پرعملدرآمد چندروز میں ہونے والے آئندہ اجلاس میں کارروائی (منٹس) کی منظوری کے بعد کردیا جائے گا،علاوہ ازیں اجلاس میں یونیورسٹی کیمپس میں رہائش حاصل کرنے کے خواہشمند اساتذہ کے لیے ''سیلف فنانس'' اسکیم متعارف کروانے کی بھی منظوری دی گئی، اس سلسلے میں اجلاس کوبتایاگیاکہ جامعہ کراچی میں ماضی میں تعمیر کیے گئے فلیٹ کے 4 بلاکس ہیں اور ہر بلاک میں 6فلیٹ ہیں،فلیٹوں کی تعمیر نامکمل ہے ،اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ وہ اساتذہ جنھوں نے گھروں کے حصول کے لیے درخواستیں دے رکھی ہیں،وہ اپنی ذاتی رقم سے ان فلیٹوں کی تزئین وآرائش مکمل کریں گے جامعہ کراچی تنخواہوں سے ہاؤس رینٹ منہانہیں کرے گی۔
Load Next Story