حکومت نے سری لنکا سے آزاد تجارتی معاہدے پر نظرثانی شروع کردی

100فیصداستثنیٰ سبزوسیاہ چائے سمیت صرف7اشیا تک محدود رکھنے کا فیصلہ

993اشیا کی درآمد پر کوئی رعایت نہیں دی جائیگی، ایف بی آر، فہرست جاری، ملک بھر کے کسٹمزکلکٹرز کونئے کسٹمز ڈیوٹی ٹیرف سے آگاہ کر دیا گیا، دستاویز فوٹو؛ فائل

وفاقی حکومت نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرط پوری کرنے کے لیے ڈیوٹی اور ٹیکسوں میں دی جانے والی غیر ضروری چھوٹ واپس لینا شروع کردی ہیں جس کے تحت وفاقی حکومت مختلف ممالک سے آزاد تجارتی معاہدوں کے تحت ڈیوٹی اور ٹیکسوں میں دی جانے والی چھوٹ واپس لے رہی ہے۔

آزاد تجارتی معاہدے کے تحت سری لنکا سے 200 سے زائد اشیا کی درآمد پر دی جانے والی کسٹمز ڈیوٹی کی 100 فیصد رعایت واپس لے کر اسے صرف 7اشیا تک محدود کر دیا گیا ہے جبکہ 150 سے زائد اشیا کی درآمد پر یہ رعایت ختم کردی گئی ہے تاہم آزادانہ تجاری معاہدے کے تحت سری لنکا سے اب کاسمیٹک، نیل پالش، فیس پائوڈر سمیت میک اپ کیلیے استعمال ہونے والی 19اشیا 50 فیصد رعایتی کسٹمز ڈیوٹی پر اور مردانہ و زنانہ انڈر گارمنٹس و سوئمنگ کیلیے استعمال ہونے والے لباس سمیت 23 اشیا 35 فیصد رعایتی کسٹمز ڈیوٹی پر جبکہ ڈنر سیٹ، ڈش، پلیٹیں اور چائے کے کپ سمیت 10اشیا 20 فیصد رعایتی کسٹمز ڈیوٹی پر درآمد کی جاسکیں گی۔


''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز کے مطابق ایف بی آر کی طرف سے جمعہ کو جاری کردہ لیٹر نمبر 4(49)/ICM/2001/55675 میں بتایا گیا ہے کہ ایف بی آر نے ایس آر او نمبر 280(I)/2014 کے ذریعے سری لنکا سے آزاد تجارتی معاہدے کے تحت اشیا کی درآمد کے لیے کسٹمز ڈیوٹی کے نئے ریٹ کا اعلان کر دیا اورکہا گیا ہے کہ 6 جون2005 کو جاری کردہ ایس آر او نمبر 570(I)/2005 کی جگہ 8 اپریل2014 کو جاری کردہ نیا ایس آر او نمبر 280(I)/2014 نافذ العمل ہوگا، اس نئے نوٹیفکیشن میں آزاد تجاتی معاہدے کے تحت سری لنکا سے 100فیصد رعایتی کسٹمز ڈیوٹی پر درآمد کے لیے اشیا کی فہرست میں کمی کردی گئی ہے جبکہ جن اشیا پر کسٹمز ڈیوٹی کی کوئی رعایت نہیں دی گئی ہے۔

ان اشیا کی فہرست میں مزید386 اشیا شامل کر کے 993 اشیا پر مشتمل نئی فہرست جاری کی گئی ہے جس میں بتایا گیاکہ ان 993 اشیا کی آزاد تجارتی معاہدے کے تحت سری لنکا سے درآمد پر کسٹمز ڈیوٹی کی کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔ دستاویز کے مطابق آزاد تجارتی معاہدے کے تحت اب سری لنکا سے گرین ٹی پیکٹ، 3 کلو کی پیکنگ میں بلیک ٹی سمیت دیگر اقسام کی گرین و بلیک ٹی پر مشتمل 7اشیا 100فیصد رعایتی کسٹمز ڈیوٹی پر درآمد کی جاسکیں گی تاہم مذکورہ اشیا بھی ایک مالی سال کے دوران 10ہزار میٹرک ٹن تک 100فیصد رعایتی کسٹمز ڈیوٹی پر منگوائی جاسکیں گی۔

ایف بی آر کی طرف سے کلکٹر کسٹمز ایم سی سی اپریزمنٹ (ایسٹ،ویسٹ) پریوینیٹو اینڈ پورٹ قاسم کراچی اور کلکٹرز ایم سی سی حیدر آباد، لاہور (اپریزمنٹ، پریوینٹو)کوئٹہ، ملتان، سمبڑیال، فیصل آباد، اسلام آباد، پشاور، گوادر اور گلگت بلتستان کو آگاہ کیا گیا ہے کہ نئے نوٹیفکیشن کے مطابق آزاد تجارتی معاہدے کے تحت آئندہ کیلیے سری لنکا سے 100 فیصد کسٹمز ڈیوٹی کی رعایت کو صرف 7 اشیا تک محدود کردیا گیا ہے اور 150سے زائد اشیا کی درآمد کے لیے یی رعایت ختم کر دی گئی ہے۔
Load Next Story