اسکول اساتذہ کی یو سی سطح پر بھرتیوں کا تجربہ ناکام 872 اسامیاں خالی رہ گئیں

جے ایس ٹی کی497اور پی ایس ٹی کی 375 اسامیاں خالی ہیں.

بھرتیوں کے سلسلے میں یونین کونسل کی پابندی نہ لگائی جاتی تواتنی بڑی تعداد میں اساتذہ کی اسامیاں خالی نہیں رہتیں ،افسرریفارم سپورٹ یونٹ. فوٹؤ؛ فائل

صوبائی محکمہ تعلیم کے ذیلی ادارے ریفارم سپورٹ یونٹ(آرایس یو) کی جانب سے اسکول اساتذہ کی بھرتیاں یونین کونسل کی سطح پرکرنے کاتجربہ ناکام ہوگیا اوریونین کونسل کی بنیاد پر بھرتیوں کے سبب کراچی کے سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی 872 اسامیاں خالی رہ گئی ہیں۔


اس بات کا انکشاف گزشتہ ڈیڑھ سال کے عرصے سے جاری بھرتیوں کے عمل کے آخری مراحل میں ہوا ہے، ''ایکسپریس''کوریفارم سپورٹ یونٹ کے ایک افسرنے بتایاکہ خالی رہ جانے والی اسامیوں میں جے ایس ٹی(جونیئراسکول ٹیچر) کی 497 اور پی ایس ٹی(پرائمری اسکول ٹیچر) کی 375اسامیاں شامل ہیں ، یادرہے کہ کراچی سمیت سندھ بھرمیں جے ایس ٹی اورپی ایس ٹی کی بھرتیاں یونین کونسل کی سطح پر کرنے کا طریقہ کاروضع کیا گیا تھا جس کے تحت کراچی میں کسی مخصوص یونین کونسل کا امیدار محض اپنی یونین کونسل میں ہی بھرتی کا اہل تھا اورشہر کی کسی دوسری یونین کونسل کے اسکول میں اسامی خالی ہونے کے باوجود اسے بھرتی نہیں کیا جاسکتا تھا اور بڑی تعدادمیں امیدواراین ٹی ایس کا ٹیسٹ پاس کرنے کے باوجود صرف اس وجہ سے بھرتیوں سے محروم رہے کہ ان کے اپنی یونین کونسل میں اسامیاں خالی نہیں بچی جبکہ مختلف یونین کونسل میں سیکڑوں اسامیاں صرف اس لیے خالی رہ گئی کہ متعلقہ کونسل میں ٹیسٹ پاس کرنے والے امیدوار مطلوبہ تعدادمیں موجودنہیں تھے۔

جن پریہ بھرتیاں کی جاتیں ریفارم سپورٹ یونٹ کے افسر کا کہنا تھا کہ اگربھرتیوں کے سلسلے میں یونین کونسل کی پابندی ختم کردی جاتی اور امیدوارپر یہ قید نہیں لگائی جاتی کہ وہ محض اپنی یونین کونسل میں ہی بھرتی ہوسکتا ہے تواتنی بڑی تعداد میں نشستیں خالی نہیں رہتیں '' ایکسپریس'' کو صوبائی محکمہ تعلیم سے حاصل ہونے والے اعداد و شمارکے مطابق جے ایس ٹی کے سلسلے میں 1468 اسامیوں پر 1252 امیدوارکامیاب ہوئے تھے جس میں سے 971امیدواروں نے اپنی دستاویزات جمع کرائیں اور پاس ہونے کے باوجود 281نے دستاویزات جمع ہی نہیں کرائیں، مزید براں پرائمری اسکول ٹیچر( پی ایس ٹی) کے سلسلے میں 1057اسامیاں مختص تھیں، 11 اسامیاں پہلے ہی خالی رہ گئیں، 1046 اہل امیدواروں میں سے بھی صرف 682امیدواروں نے دستاویزات جمع کرائیں۔
Load Next Story