بلدیہ حیدرآباد کا مالی بحران کچرا گاڑیوں کو ڈیزل کی فراہمی بند

فائر بریگیڈ کی کئی گاڑیاں بھی ناکارہ،شہر میںآتشزدگی سے کسی بڑے سانحے کا خدشہ۔

نالے کی صفائی کے دوران ریت سے بھری بوریاں برآمد، نالہ اوور فلو ہونیکا عقدہ کھل گیا، فوٹو: فائل

KARACHI:
بلدیہ اعلی حیدرآباد کے مالی بحران سے دوچار ہونے کے باعث ٹھیکیدار نے نہ صرف کچرا اٹھانے والی گاڑیوں بلکہ تعلقہ سٹی کے3 اسٹیشنز کی فائر بریگیڈ گاڑیوں کو بھی ڈیزل کی فراہمی بند کر دی۔

جس کی وجہ سے چار میں آن روڈ دو فائر بریگیڈ گاڑیاں بھی کھڑی ہو گئی ہیں جبکہ 10 لاکھ خرچ کرنے کے باوجود بھی باقی دو گاڑیاں ہیں۔ لطیف آباداور قاسم آباد فائر بریگیڈ کی بھی ایک ایک گاڑی خراب ہے ، ایسے میں شہر میںآتشزدگی کسی بڑے سانحے کا سبب بن سکتی ہے۔ دوسری جانب لیاقت کالونی میں متحدہ قومی موومنٹ کے کارکنان کی نگرانی میں صفائی کے دوران گندے نالے سے پہلی بار ریت سے بھری درجنوں بوریاں نکلی ہیں۔


جس کے ساتھ ہی یہ عقدہ کھل گیا کہ نالا بار بار کیوں اوور فلو ہو رہا تھا کیونکہ اس میں ریت سے بھری وہ بوریاں پڑی تھیں جو تین کروڑ روپے سے نالے کی مرمت اور گنجائش بڑھانے کیلیے ٹھیکیدار نے پانی کی روانی روکنے کے لیے جگہ جگہ نالے میں رکھیں اور انہیں نہیں نکالا۔

جس کی وجہ سے بار بار لیاقت کالونی کا نالہ اوور فلو ہوتا رہا اور بلدیاتی افسران اس مقام پر نالے کی صفائی کے نام پر60 لاکھ روپے تک جعلی بل بناتے رہے اور تقریباً 25 لاکھ روپے ٹھیکیدار کو ادا کرنے کے بہانے جاری کر دیے گئے۔ تاہم متحدہ کی رابطہ کمیٹی کے نوٹس لینے اور نالے کی صفائی کا باریک بینی سے جائزہ لینے کیلیے کارکنان کو مقرر کرنے کا شاندار نتیجہ برآمد ہو گیا۔

دوسری جانب بعض افراد کو ٹرانسفر کے نام پر ملازمت دینے کا سلسلہ بھی جاری ہے جنہیں مشکوک لیٹر کے باوجود جوائننگ دی جا رہی ہے جبکہ بلدیہ اعلی حیدرآباد پہلے ہی مالی بحران کا شکار ہے۔
Load Next Story