قومی ٹیم کے ناکام بولنگ کوچ مستقبل کے سہانے خواب دکھانے لگے

محمد اکرم نے آف سیزن میں بہترین 35کھلاڑیوں کا کیمپ لگانے کی تجویز دی ہے۔

ورلڈکپ 2015 کیلیے’’پلان‘‘تیار، چندروزمیں چیئرمین کوتفصیلات سے آگاہ کریں گے۔ فوٹو؛ فائل

ناکام بولنگ کوچ محمد اکرم اب بورڈ کو مستقبل کے سہانے خواب دکھانے لگے۔


انھوں نے ورلڈکپ2015 کیلیے ''پلان'' تیار کرلیا،چند روز میں چیئرمین نجم سیٹھی سے ملاقات میں تفصیلات سے آگاہ کریں گے، اکرم نے آف سیزن میں بہترین 35کھلاڑیوں کا کیمپ لگانے کی تجویز دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بولنگ کوچ محمد اکرم کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہونے کے باوجود بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی ان کی خدمات سے ''استفادہ'' جاری رکھنے کے حق میں ہیں،سابق پیسر نے 2012 میں ذمہ داریاں سنبھالی تھیں،ان کے دور میں کبھی پاکستان کی طاقت سمجھی جانے والی فاسٹ بولنگ زوال پذیر رہی،ڈاکٹرزکی ہدایات کے برعکس مسلسل تینوں فارمیٹس میں آزمائے جانے کے نتیجے میں محمد عرفان ایسے فٹنس مسائل کا شکار ہوئے کہ کیریئر ہی داؤ پر لگ چکا، موہالی میں بھارت کیخلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے وہاب ریاض ٹیم میں جگہ بنانے کے قابل بھی نہ رہے، عثمان شنواری کو خفیہ ہتھیار قرار دیتے ہوئے میدان میں اتارنے میں جلد بازی کی گئی۔

پھر پیسر منظر عام سے ہی غائب ہوگئے،سہیل تنویر کا اعتماد کھو گیا تو دوسری طرف عمر گل کی فٹنس بھی انٹرنیشنل مقابلوں میں شرکت پر سوالیہ نشان لگارہی ہے۔ محمداکرم کی ناقص کارکردگی کے باوجود نجم سیٹھی کا خیال ہے کہ انھیںکام کرنے کا مزید موقع ملنا چاہیے، چند روز قبل پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ ''بولنگ کوچ کے معاہدے میں 2سال کی توسیع بورڈ کے سابق سربراہ ذکا اشرف نے کی تھی،کنٹریکٹ ختم کیا تو شرائط کے مطابق سابق پیسر کو 3ماہ کی پنالٹی دینا پڑے گی، ویسے بھی وہ ٹھیک کام کر رہے ہیں جسے جاری رکھنے کا موقع ملنا چاہیے''۔ دوسری طرف ذرائع سے معلوم ہواکہ محمد اکرم نے ورلڈکپ2015 کیلیے پلان تیار کرلیا ہے،چند روز میں چیئرمین پی سی بی سے ملاقات میں تفصیلات سے آگاہ کرینگے،انہوں نے آف سیزن میں بہترین 35کھلاڑیوں کا کیمپ لگانے کی تجویز دی ہے،پیسر کا خیال ہے کہ ڈومیسٹک کھلاڑیوں کی فہرستیں مرتب کرنا بہتر ہوگا، مکمل فٹنس اور میڈیکل ٹیسٹ لینے کے بعد ہر کرکٹر کی انفرادی فائل مرتب کرنے سے مستقبل میں اچھے نتائج حاصل ہوسکتے ہیں۔
Load Next Story