کورنگی میں ڈاکوؤں نے بینک سے 10 لاکھ روپے لوٹ لیے

ڈاکوبینک میں موجودکیمروں کی سی ڈیز اور سیکیورٹی گارڈز کا اسلحہ بھی لے گئے،مرکزی گیٹ پر کیمرہ نہیں تھا، پولیس

کورنگی میں بینک ڈکیتی کے بعدجائے وقوع پر پولیس اور رینجرز اہلکار کھڑے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

کورنگی میں بینک سے نقاب پوش ڈاکو10 لاکھ روپے اور سیکیورٹی گارڈ کا اسلحہ لے کر فرار ہو گئے، بینک کے مرکزی گیٹ پر کیمرہ نہیں لگایا گیا تھا۔


تفصیلات کے مطابق کورنگی سیکٹر 23/A میں مرکزی سڑک پر واقع نجی بینک سے مسلح ڈکیت 10 لاکھ 5 ہزار 856 روپے لوٹ کر فرار ہو گئے، ملزمان فرار ہوتے ہوئے بینک میں تعینات نجی کمپنی کے سیکیورٹی گارڈز رب نواز اور عمر گل سے اسلحہ اور بینک میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی سی ڈیز اپنے ساتھ لے گئے، ایس پی کورنگی عثمان باجوہ نے ایکسپریس کو بتایا کہ بینک میں تعینات محافظوں نے اپنے بیان میں پولیس کو بتایا ہے کہ ڈکیتوں کی تعداد 5 تھی جو موٹر سائیکلوں پر آئے تھے، 4 نقاب پوش ڈاکو بینک کے اندر آئے ایک ملزم بینک کے باہر کھڑا تھا ، ملزمان نے سب سے پہلے وہاں موجود عملے اور کھاتے داروں کو یرغمال بنانے کے بعد سیکیورٹی گارڈز سے اسلحہ چھینا اس کے بعد کیش کاؤنٹر سے رقم لے کر اپنے ساتھ لائے ہوئے تھیلے میں ڈال کر فرار ہو گئے ملزمان فرار ہوتے ہوئے بینک میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی سی ڈیز بھی اپنے ساتھ لے گئے۔

سیکیورٹی گارڈز نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ ملزمان پینٹ شرٹ پہنے ہوئے تھے اور وہ اردو میں بات چیت کر رہے تھے، عثمان باجوہ نے بتایا کہ بینک انتظامیہ کی ناقص سیکیورٹی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ انھوں نے بینک کے باہر مرکزی گیٹ پر کوئی کیمرہ نہیں لگایا تھاجس کے باعث ڈاکوئوں کے بینک میں آنے اور فرار ہونے کی وڈیو نہ بن سکی، سیکیورٹی گارڈز نے اپنے بیان میں پولیس کو بتایا ہے کہ وہ ملزمان کے سامنے آنے پر انھیں شناخت کر لیں گے، انھوں نے بتایا کہ بینک کے سیکیورٹی گارڈز کی مدد سے ملزمان کے خاکے تیار کرائے جا رہے ہیں کورنگی پولیس نے بینک کے برانچ منیجر عمران نظامی کی مدعیت میں5 نامعلوم ڈاکوئوں کے خلاف ایف آئی آر نمبر75/14بجرم دفعہ 395/34 درج کر لی ، مذکورہ ڈکیتی رواں سال کی 13 ویں بینک ڈکیتی ہے۔
Load Next Story