موبائل فون چھیننے کی وارداتیں بڑھ گئیں ڈی آئی جی غربی کا اعتراف

رواں سال ٹارگٹ کلنگ،قتل اوراغوا کی وارداتوں میں50فیصد کمی آگئی،فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث گروہوں کا سراغ لگالیا

ایک ہفتے میں 2 ٹارگٹ کلرز،6 قاتل اور5بھتہ خورپکڑ لیے،ویسٹ زون میں موبائل فون چھیننے کی وارداتوں پرقابو پانے کیلیے حکمت عملی پرپیرسے عمل ہوگا،جاوید عالم اوڈھو:فوٹو:پی پی آئی

شہر میں موبائل فون چھیننے کی وارداتیں بڑھ گئی ہیں، امسال ٹارگٹ کلنگ ، قتل وغارت گری اور اغوا برائے تاوان کی وارداتیں 50 فیصد کم ہوگئیں۔

فرقہ ورانہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث گروہوں کا سراغ لگالیا، ایک ہفتے کے دوران 2 ٹارگٹ کلرز ، 6 قاتل، 5 بھتہ خور پکڑے ہیں، تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی غربی جاوید عالم اوڈھو نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پولیس نے نیوکراچی سیکٹر الیون کے صنوبر کاٹیج سے فرقہ روانہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ٹارگٹ کلر سید رضا زیدی عرف زین کو گرفتار کر کے ایک پستول اور دستی بم برآمد کیا، گرفتار ٹارگٹ کلر نے قتل کی6 وارداتوں میں مخالف مذہبی گروپ سے وابستگی رکھنے والے 8 افراد کو قتل کیا، تیموریہ پولیس نے جھگڑے کے دوران بیوی کو چھری سے قتل کرنے والے ملزم شوہر محمد صابر کو گرفتار کر لیا، پولیس نے گلبرگ ، پاکستان بازار، نیوکراچی سے5 بھتہ خور وں پرویز ، سید وقار عالم ، جنید جاوید ، عارف خان اور حضرت سعید کو گرفتار کر کے اسلحہ اور بھتے کی رقم، دستی بم اور ایک مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کی ہے۔


بھتہ خور پرویز نے گلبرگ میں کباڑ کے تاجر سے10 لاکھ روپے بھتہ طلب کیا تھا پولیس نے ملزم کو بھتے کی رقم لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا، بھتہ خور سیدوقار عالم ، جنید جاوید اور عارف خان نے پاکستان بازار میں سنار سے5 لاکھ روپے بھتہ مانگا تھا، سپر مارکیٹ اور پاک کالونی پولیس نے گھروں میں ڈکیتی کی وارداتیں کرنے والی خاتون ملزمہ سمیت5 ملزمان سفیان شیم عرف علی، ندیم ، اورنگزیب ، شہزاد اور غزالہ کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے4 پستول چھینے ہوئے موبائل فون، نقد رقم اور سامان برآمد کیا ہے، ملزم سفیان 8ڈکیتی کی کئی وارداتوں میں ملوث ہے ، نیوکراچی پولیس نے قتل اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث 2 ملزمان عثمان عرف عشی اور محمد اقبال عرف اکو کو گرفتار کر کے2 ٹی ٹی پستول اور گولیاں برآمد کرلیں۔

ملزم عثمان عرف عشی سی آئی ڈی پولیس کے افسر عالمگیرکے قتل میں ملوث ہے، اتحاد ٹائون اور سرجانی ٹائون پولیس نے3 مختلف کارروائیوں2 زخمی ڈاکو لیاقت علی عرف کانا اور منظور احمد سمیت6 ملزمان اجمل خان ، لطیف خان ، فیض خان اور مراد آفریدی کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے6 پستول اور13موبائل فون اور ایک مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کی، پیرآباد ، سرسید اور بلال کالونی پولیس نے اسٹریٹ کرائم میں ملوث 5 ملزمان بلال عرف ہانی، محمد شاہد ، مصدق، محمد فراز، ندیم کو گرفتار کرکے ایک مائوزر، ایک ریوالور،2 پستول ، ایک رپیٹر، چھینی ہوئی نقد رقم ، موبائل فون اور2 مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کی ہیں۔

ویسٹ پولیس نے ایک ہفتے کے دوران153چھاپہ مار کارروائیوں اور 15پولیس مقابلوں میں 2 ٹارگٹ کلر، قتل کے الزام میں6 ملزمان 5 بھتہ خور،33 اسٹریٹ کریمنل 24 منشیات فروش، 16مفرور اور اشتہاری ملزمان سمیت مجموعی طور پر151ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے ایک کلاشنکوف،54 پستول و ریوالور، 2 شاٹ گن اور 2 دستی بم برآمد کیے ہیں، ڈی آئی جی غربی نے اعتراف کیا کہ شہر اور خصوصاً ویسٹ زون میں سب سے زیادہ موبائل فون چھیننے کی وارداتیں رو نما ہورہی ہیں ان وارداتوں کی روک تھام کے لیے حکمت عملی پر پیر سے عمل کیا جائے گا، گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال ٹارگٹ کلنگ ، قتل غارت گری،اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں50 فیصد کمی آئی ہے، حالیہ فرقہ ورانہ ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں ملوث گروہوں کا سراغ لگا لیا گیا ہے اور جلد ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گا،پریس کانفرنس میں ایس ایس پی ویسٹ عرفان بلوچ اور ایس ایس پی سینٹرل مقدس حیدر بھی موجود تھے ۔
Load Next Story