ہاکی فیڈریشن کی نوتشکیل نئے ٹیلنٹ کی تلاش 22 اپریل سے شروع ہوگی

سلیکٹرز لاہور، کراچی سمیت 4 شہروں میں ٹرائلز کے بعد پلیئرزکا پول تیار کریں گے

سلیکٹرز لاہور، کراچی سمیت 4 شہروں میں ٹرائلز کے بعد پلیئرزکا پول تیار کریں گے۔ فوٹو: فائل

پاکستان ہاکی فیڈریشن کی نوتشکیل سلیکشن کمیٹی نئے ٹیلنٹ کی تلاش کیلیے مہم 22 اپریل سے شروع کرے گی،چیئرمین اصلاح الدین کی سربراہی میں سلیکٹرز لاہور، کراچی سمیت 4 شہروں میں ٹرائلز کے بعد کھلاڑیوں کا پول تیار کریں گے۔


تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی کھیل کو زوال کی کھائی سے نکالنے کیلیے روٹھے سابق اولمپئنز کو ساتھ ملانے کی کوشش کی جس میں کامیابی بھی حاصل ہوئی، بدھ کو ایگزیکٹیو بورڈ کے اجلاس میں شہناز شیخ کو ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا،جونیئر ٹیم کی ذمہ داری منظور الحسن جونیئر کو ملی، سلیکشن کمیٹی کے سربراہ اصلاح الدین مقرر ہوئے، دیگر ارکان میں ارشد علی چوہدری،ایاز محمود، خالد بشیر اور مشتاق حسین کو شامل کیا گیا۔ پی ایچ ایف کے مطابق سلیکٹرز نے ٹیلنٹ کی تلاش کیلیے فوری طور اپنے پلان کو حتمی شکل دیدی ہے، قومی ہاکی میں نیا ٹیلنٹ شامل کرنے کیلیے ملک کے 4شہروں میں ٹرائلز کے بعد بہترین کھلاڑیوں کا پول تیار کیا جائے گا۔

اصلاح الدین اپنی ٹیم کے دیگر ارکان کے ہمراہ باریک بینی سے صلاحیتوں کا جائزہ لینگے،کوئٹہ میں ٹرائلز 22اپریل کو صبح 11بجے سے ساڑھے 4 بجے تک ہونگے، کراچی میں کھلاڑیوں کی صلاحیتیں 24اور 25اپریل کو صبح ساڑھے10سے ساڑھے 5بجے تک پرکھی جائیں گی، قومی سلیکٹرز اس مقصد کیلیے 27اپریل کو پشاور پہنچیں گے جہاں پلیئرز کو 11بجے رپورٹ کرنے کیلیے کہا گیا ہے،لاہور میں ٹرائلز کا سلسلہ 28اور 29اپریل کو 11بجے سے 4 بجے تک جاری رہے گا۔ ذرائع کے مطابق پی ایچ ایف نے سلیکٹرز کو فری ہینڈ دیتے ہوئے باصلاحیت کھلاڑیوں کی کھیپ تیار کرنے کا کام سونپا ہے، تلاش کا سفر مکمل ہونے کے بعد کوچنگ اسٹاف کی نگرانی میں تربیت کا پروگرام تشکیل دیا جائے گا تاکہ مستقبل کیلیے مضبوط ٹیموں کی تیاری ممکن ہوسکے۔
Load Next Story