جنوبی کوریا حادثے کا شکار ہونیوالے بحری جہاز کے کپتان کی گرفتاری کیلئے درخواست دائر
حکام نے جہاز ڈوبنے کی وجوہات معلوم کرنے کے لئے خود کار آبدوز بھی تعینات کر دی ہے، فوٹو: رائٹرز/ فائل
جنوبی کوریا میں حادثہ کا شکار ہونے والے بحری جہاز کے کپتان کی گرفتاری کے لیے اعلیٰ عدلیہ میں درخواست دائر کردی گئی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ حادثہ کے وقت جہاز کے کپتان کے بجائے جونئیر افسر جہاز چلانے کے فرائض انجام دے رہا تھا جس کی وجہ سے حادثہ رونما ہوا، حادثہ میں کپتان اور عملے کے دیگر اراکین کے زندہ بچ جانے کے بعد مختلف قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں جس کے بعد مقدمے کے پراسیکیوٹر نے عدالت میں درخواست دائر کی ہے کہ فرائض میں غفلت برتنے پر کپتان کو گرفتار کرکے واقعہ کی شفاف تحقیقات کی جائیں۔
حکام کے مطابق بحری جہاز میں 475 مسافر سوار تھے جن میں 28 مسافر ہلاک جبکہ 179 کو بچا لیا گیا ہے تاہم 268 اب بھی لاپتا ہیں جن کی تلاش کیلئے تیسرے روز بھی آپریشن جاری ہے جس میں غوطہ خوروں کے علاوہ فوج کی بھی مدد لی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ 3 روز قبل جنوبی کوریا کا بحری جہاز اسکول کے بچوں سمیت 475 افراد کو لے کر تعلیمی دورے کے لئے جی جو جزیرے جا رہا تھا کہ حادثے کا شکار ہوگیا۔