ماسٹر ٹینس ڈیوڈ فیرر کے ہاتھوں نڈال کا قصہ تمام

اسٹینسلس واورنیکا، راجرفیڈرر اور دفاعی چیمپئن نووک جوکووک کی سیمی فائنل میں رسائی۔

اسٹینسلس واورنیکا، راجرفیڈرر اور دفاعی چیمپئن نووک جوکووک کی سیمی فائنل میں رسائی، ملائیشین ویمنز میں ڈومنیکا سبولکوا نے شکست کو ٹال دیا۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

مونٹی کارلو ماسٹرزمیں اسپینش پلیئر ڈیوڈ فیرر نے ہموطن 8 مرتبہ کے چیمپئن رافیل نڈال کا قصہ تمام کردیا، موجودہ عالمی نمبرون پلیئر کوارٹر فائنل میں 6-7(1/7) اور 4-6 سے شکست کھاگئے۔

تھرڈ سیڈ سوئس اسٹار اسٹینسلس واورنیکا ، راجرفیڈرر اور دفاعی چیمپئن نووک جوکووک نے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی، ملائیشین ویمنز ٹینس میں ٹاپ سیڈ ڈومنیکا سبولکوا نے بشمکل تمام قازقستان کی زرینہ کو ہرایا۔تفصیلات کے مطابق مونٹی کارلو ماسٹرز ٹینس کے کوارٹر فائنل میں چھ سیڈ اسپینش پلیئر ڈیوڈ فیرر نے بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے 8 مرتبہ کے چیمپئن رافیل نڈال کو ٹھکانے لگادیا، نڈال کو اس ایونٹ میںملنے والی یہ محض تیسری شکست ہے، اس سے قبل دو مواقعوں میں سے پہلی شکست نڈال کو یہاں پر 2003 کے تیسرے رائونڈ میں گولیرمو کوریا کے ہاتھوں ملی تھی اور گذشتہ برس کے فائنل میں نڈال کو جوکووک نے زیر کرلیا تھا۔


سیمی فائنل میں فیرر کا مقابلہ موجودہ آسٹریلین اوپن فاتح اسٹینسلس واورنیکا سے ہوگا، جنھوں نے پہلے کوارٹر فائنل میں کینیڈا کے میلوس رائونک کو 7-6(7/5) اور6-2 سے قابو کیا، سابق عالمی نمبرون اور سوئس ماسٹر راجرفیڈرر نے کلے کورٹ پر فرنچ حریف جوئے ولفریڈ سونگا کو 2-6،7-6(8/6) اور6-1 سے مات دے دی، دفاعی چیمپئن نووک جوکووک نے ابتدائی سیٹ ہارنے کے باوجود اسپین کے گولیرموگارشیا لوپز کو مات دے دی۔

ان کی فتح کا اسکور 4-6،6-3 اور6-1 رہا، دوسری جانب ملائیشین ویمنز ٹینس کے کوارٹر فائنل مرحلے میں ورلڈنمبر10 سلواکین پلیئر ڈومنیکاسبولکوا نے بمشکل تمام زرینہ ڈیاس کو ہرایا، وہ اس مقابلے کا پہلا سیٹ ہارنے کے بعد دیگردوسیٹ جیت کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرپائیں، سیکنڈ سیڈ چینی پلیئر پینگ شوئی نے پولینڈ کی میگدا لینیٹی کو 6-2،2-6 اور6-1 سے زیر کرلیا، تھرڈ سیڈ جمہوریہ چیک کی کیرولینا پلسکووا نے ترکی کی کیگلا بویونکیسی کواسٹریٹ سیٹ میں 6-4 اور6-4 سے ہرادیا، کروشیا سے تعلق رکھنے والی 7 سیڈ ڈونا ویسک نے آسٹریا کی 4 سیڈ پیٹریشا مائر ایچلینٹر کو 6-4 اور7-5 سے قابو کرلیا۔
Load Next Story