پولیس اور رینجرز نے 108 ملزمان حراست میں لے لیے

ملزمان کے قبضے سے اسلحہ ، دستی بم ، منشیات اور شراب برآمد کر لی گئی

ملزمان کے قبضے سے اسلحہ ، دستی بم ، منشیات اور شراب برآمد کر لی گئی۔ فوٹو: فائل

پولیس اور رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپے ، اسنیپ چیکنگ اور ٹارگٹڈآپریشن کے دوران مجموعی طور پر 108 ملزمان کو گرفتار و حراست میں لے کر ان کے قبضے سے اسلحہ ، دستی بم ، منشیات اور شراب برآمد کرلی۔

تفصیلات کے مطابق اتحاد ٹائون پولیس نے گلشن غازی میں کارروائی کرتے ہوئے بھینسوں کے باڑے کے مالک عبدالرشید سے 50 ہزار روپے بھتہ طلب کرنے والے ملزم بھتہ خور محمد رفیق کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے50 ہزار روپے بھتے کی رقم اور ایک ٹی ٹی پستول برآمد کرلی ایس ایچ او شہزاد کے مطابق ملزم نے بھینسوں کے باڑے کے مالک عبدالرشید ولد ولی احمد سے 2 لاکھ روپے بھتہ طلب کیا تھا اور بھتہ نہ دینے پر اس نے مدعی عبدالرشید کے گھر پر فائرنگ بھی کی تھی جس کے بعد عبدالرشید سے 50 ہزار روپے بھتے کے معاملات طے ہوئے تھے ، مومن آباد پولیس نے اورنگی ٹاؤن ٹیلی فون ایکسچینج کے قریب کارروائی کرتے ہوئے 2 بھتہ خور احسان اور محبوب عالم عرف منو کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے دو ٹی ٹی پستول اور بھتہ کی رقم80 ہزار روپے برآمد کر لیے۔

ایس ایچ او مومن آباد عبدالحمید کا کہنا ہے کہ ملزمان نے نسیم جنرل اسٹور کے مالک نسیم سے 10 لاکھ روپے بھتہ لیاری گینگ وار سے تعلق رکھنے والے اکرم بلوچ کے نام سے طلب کیا تھا ملزمان اور جنرل اسٹور کے مالک کے درمیان80 ہزار روپے میں ڈیل ہوئی تھی ، جمعہ کے روز نسیم جنرل اسٹور کے مالک نے پولیس کو اطلاع دیدی تھی جس کے بعد پولیس نے نسیم جنرل اسٹور کے قریب سادہ لباس میں پولیس اہلکاروں سے ریکی شروع کرا دی تھی ، ملزمان جیسے ہی بھتہ وصول کرنے آئے پولیس نے گرفتار کر لیا ، ابراہیم حیدری پولیس نے جمعہ گوٹھ پلیہ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے لیاری امن کمیٹی کے بلو خاصخیلی گروپ کے دو کارندے عمران علی اور سلطان ممتاز کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ اور گلشن معمار کے علاقے سے چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد کرلی۔


گروپ کا سرغنہ علی اکبر عرف بلو اپنے دیگر ساتھیوں فیروز ، ندیم اور سرور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ، پولیس کے مطابق ملزمان علاقے میں ، بھتہ خوری اسٹریٹ کرائم اور گھروں میں ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب ہیں ، پولیس فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں ، کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے سیکٹر 7-A ملیر ندی کے قریب کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں مطلوب 2 ملزمان ساجد خان اور حسن علی کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 2 ٹی ٹی پستول برآمد کرلی ملزمان سے تفتیش جاری ہے ، خواجہ اجمیر نگری پولیس نے نارتھ کراچی میں مقابلے کے بعد2 ملزمان رجب علی اور فقیر محمد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ اور مسروقہ موٹرسائیکل برآمد کرلی۔

پاکستان رینجرز سندھ نے ہفتے کی صبح بلدیہ ٹائون کے علاقے اتحاد ٹاؤن اور آفریدی کالونی میں ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن کیا ، آپریشن میں300 سے زائد اہلکاروں کے علاوہ لیڈی اہلکار کے9 یونٹ نے بھی حصہ لیا اس دوران علاقے کے تمام داخلی و خارجی راستوں کو سیل کر کے گھر گھر تلاشی کا سلسلہ شروع کیا ، آپریشن کے دوران کسی بھی شخص کو علاقے میں داخل اور باہر جانے کی اجازت نہیں تھی رینجرز نے8 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے10مختلف قسم کے ہتھیار برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

حراست میں لیے جانے والے ملزمان کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ، کراچی پولیس کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے96چھاپے چھاپوں اور 3 پولیس مقابلوں کے میں91ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے41 پستول ، ایک دستی بم ، ایک ہزار 470 گرام چرس ، 27 گرام ہیروئن اور 7 بوتل شراب برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے ، پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں اسلحہ ایکٹ کے تحت15 ، اینٹی نارکوٹکس ایکٹ کے تحت 14 ، 35 مفرور و اشتہاری اور دیگر مقدمات کے تحت 17ملزمان شامل ہیں ۔
Load Next Story