مونٹی کارلو ماسٹرز ٹینس راجر فیڈرر نے جوکووک کو پچھاڑ دیا

سوئس پلیئر نے اپنے اسپینش حریف کو 6-1،7-6(7/3) سے شکست دی

مونٹی کارلو ماسٹرز کے سیمی فائنل میں راجرفیڈرر نے دفاعی چیمپئن نووک جوکووک کو پچھاڑ دیا، فوٹو: اے ایف پی/ فائل

LAHORE/KARACHI:
مونٹی کارلو ماسٹرز کے سیمی فائنل میں راجرفیڈرر نے دفاعی چیمپئن نووک جوکووک کو پچھاڑ دیا، ڈیوڈ فیرر کو مات دیکر اسٹینسلس واورنیکا پہلی مرتبہ ایونٹ کے فائنل میں پہنچ گئے۔


ملائیشین ویمنز ٹینس کے فائنل فور مرحلے میں سیکنڈ سیڈ چینی پلیئر پینگ شوئی کی ہمت جواب دے گئی، ٹاپ سیڈ ڈومنیکا سبولکووا نے جمہوریہ چیک کی کیرولینا پلسکووا کو ہراکر ٹرافی میچ میں جگہ بنالی۔ تفصیلات کے مطابق مونٹی کارلو ماسٹرز ٹینس کے سیمی فائنل میں ایک اور بڑا اپ سیٹ سامنے آگیا، کوارٹر فائنل میں رافیل نڈال کے رخصت ہوجانے کے بعد دفاعی چیمپئن سربیا کے نووک جوکووک بھی ایونٹ سے آؤٹ ہوگئے، انھیں سیمی فائنل میں تھرڈ سیڈ سوئس ماسٹر راجرفیڈرر نے 7-5 اور6-2 سے دھول چٹادی، فائنل میں سابق عالمی نمبرون ہموطن اور موجودہ آسٹریلین اوپن چیمپئن اسٹینسلس واورنیکا کا سامنا کریں گے،جنھوں نے پہلے سیمی فائنل اسپینش پلیئر ڈیوڈ فیرر کو قابو کیا، واورنیکا پہلی مرتبہ ایونٹ کے فائنل میں رسائی پانے میں سرخرو ہوئے ہیں۔

سوئس پلیئر نے اسپینش حریف کو 6-1،7-6(7/3) سے شکست دی، فیرر نے کوارٹر فائنل میں ہموطن اور ٹاپ سیڈ رافیل نڈال کو مات دیکر سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی، تاہم وہ سوئس پلیئر واورنیکا کیخلاف اس کارکردگی کو دہرانے میں ناکام رہے، آسٹریلین اوپن چیمپئن واورنیکا نے پہلا سیٹ تو باآسانی جیت لیا لیکن دوسرے سیٹ میں انھیں ایک ایک پوائنٹ کیلیے سخت مسابقت کا سامنا رہا لیکن ٹائی بریکر پر نتیجہ ان ہی کے حق میں برآمد ہوا، دوسری جانب ملائیشین ویمنز ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل فور مرحلے میں 2 سیڈ چینی پلیئر پینگ شوئی کی ہمت جواب دے گئی، انھیں 7 سیڈکروشین پلیئر ڈونا ویسک نے دلچسپ مقابلے میں 1-6،6-3 اور6-4 سے ہرادیا، ٹاپ سیڈ سلواکین کھلاڑی ڈومنیکا سبولکوا نے تھرڈ سیڈ جمہوریہ چیک کی کیرولینا پلسکووا کو 7-6،6-2 سے مات دے دی۔
Load Next Story