ٹھٹھہ حادثے میں جاں بحق 9 میں سے 8 دوستوں کی نماز جنازہ ادا

ایک میت آبائی علاقے مانسہرہ بھیجی گئی ہے، تدفین کے موقع پر رقت آمیز مناظر

فوٹو: ایکسپریس

ٹھٹھہ میں قومی شاہراہ پر ٹریفک حادثے میں جاں بحق 9 میں سے 8 دوستوں کو نماز جنازہ کے بعد مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا جبکہ ایک میت تدفین کیلئے مانسہرہ بھیجی گئی ہے۔

متوفین کی نماز جنازہ قذافی ٹاؤن میں واقع ریڈیو پاکستان گراؤنڈ میں بعد نماز عصر ادا کی گئی جس میں انکے رشتے داروں، اہل محلہ اور دوست احباب کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔


پیپلزپارٹی کے رہنما عبداللہ مراد بلوچ، جماعت اسلامی کے اسامہ رضی اور ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ملیر حسن سردار بھی نماز جنازہ میں شریک ہوئے، بعدازاں متوفین کو مقامی قبرستان میں آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپردخاک کردیا گیا۔

نماز جنازہ و تدفین کے موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے، متوفین کے ورثا اپنے پیاروں کی جدائی میں ایک دوسرے کے گلے لگ کر روتے رہے، حادثے میں جاں بحق ہونے والے قیصر کی میت تدفین کیلئے اس کے آبائی علاقے مانسہرہ بھیجی گئی ہے۔
Load Next Story