آئی پی ایل چنئی سپرکنگز نے دہلی کا سکھ چین چھین لیا

178 رنز ہدف کا تعاقب کرنے والے ڈیرڈیولز 16 ویں اوور میں 84 رنز پر ڈھیر ہوگئے۔

178 رنز ہدف کا تعاقب کرنے والے ڈیرڈیولز 16 ویں اوور میں 84 رنز پر ڈھیر ہوگئے ۔ فوٹو : بی سی سی آئی

آئی پی ایل میں چنئی نے دہلی کا سکھ چین چھین لیا، ریکارڈ 93 رنز کے مارجن سے فتح حاصل کی۔


178 رنز ہدف کا تعاقب کرنے والے ڈیرڈیولز 16 ویں اوور میں 84 رنز پر ڈھیر ہوگئے، اس سے قبل سپرکنگز نے 7 وکٹ پر 177 رنز اسکور کیے۔ تفصیلات کے مطابق دہلی ڈیرڈیولز کا آغاز ہی انتہائی مایوس کن ہوا جب اس کے تین کھلاڑی صرف 17 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئے، مائینک اگروال (2) کو ایشور پانڈے کی گیند پر سریش رائنا نے شاندار انداز میں کیچ کیا، مرلی وجے (11) شرما کی گیند پر ڈوپلیسی کا کیچ بنے، تیواڑی کو صفر پر پانڈے کی گیند پر ایک اور عمدہ کاوش میں ڈو پلیسی نے کیچ کیا، پال ڈومنی 15 رنز بناکر اسمتھ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، راس ٹیلر صرف 6 رنز کے مہمان ثابت ہوئے ان کی پرائز وکٹ بین ہلفنہاس نے دھونی کی مدد سے حاصل کی۔

انجرڈ کیون پیٹرسن کی عدم موجودگی میں قیادت کا بوجھ اٹھانے والے دنیش کارتھک اس بار 21 رنز پر آؤٹ ہوئے، انھیں ایشون نے بولڈ کیا، جیمی نیشام نے جڈیجا کی گیند پر رائنا کا کیچ بننے سے قبل 22 رنز اسکور کیے، شہباز ندیم (3) بھی اسی جوڑی کا شکار بنے۔ ایشور پانڈے، جڈیجا اور ایشون نے دودو وکٹیں لیں۔ اس سے قبل چنئی سپر کنگز نے 7 وکٹ پر 177 رنز اسکور کیے، مین آف دی میچ سریش رائنا نے 56 رنز اسکور کیے جبکہ کپتان دھونی 32 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ جے دیو اناڈکٹ نے تین وکٹیں لیں۔
Load Next Story