میکسویل حریف ٹیموں کیلیے خوف کی علامت بن گئے

آسٹریلوی بیٹسمین کی ایک اور طوفانی اننگز، کنگز الیون نے سن رائزرز کو 72رنز سے پچھاڑ دیا

شارجہ: حیدرآباد سن رائزرز کیخلاف آئی پی ایل میچ میں کنگز الیون پنجاب کے آسٹریلوی بیٹسمین گلین میکسویل کا دلکش اسٹروک، انھوں نے 95 رنز بنانے کیلیے 43 گیندوں کا سامنا کیا ۔ فوٹو : بی سی سی آئی

آئی پی ایل میں گلین میکسویل حریف ٹیموں کیلیے خوف کی علامت بن گئے۔


انھوں نے حیدرآباد کی بولنگ کا بھی بھرکس نکال دیا، آسٹریلوی بیٹسمین نے ایک اور برق رفتار اننگز سے کنگز الیون پنجاب کو 72 رنز سے فتح دلادی، 194 رنز کا ہدف پانے والی سن رائزرز حیدرآباد 121 پر ڈھیر ہوگئی، لکشمی پاتھی بالا جی نے 4 وکٹیں لیں اس سے قبل میکسویل نے 43 بالز پر 95 رنز اسکور کیے۔ تفصیلات کے مطابق حیدرآباد کی ٹیم کو 194 رنز ہدف کے تعاقب میں شروع سے ہی مشکلات کا سامنا رہا جب اس کی تین وکٹیں 33 رنز پر گرگئیں، بعد میں بھی کوئی سنبھل کر نہیں کھیل سکا، سب سے زیادہ لوکیش راہول نے 27 رنز بنائے، بالا جی نے 4 جبکہ مچل جونسن اور اکشر پٹیل نے دودو وکٹیں لیں۔اس سے قبل کنگز الیون پنجاب نے 6 وکٹ پر 193 رنز اسکور کیے۔

وریندرسہواگ اس بار قدرے بہتر کھیلنے میں کامیاب رہے، انھوں نے 22 بالز پر 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 30 رنز بنائے اور مشراکی گیند پر سیمی کا کیچ بن گئے، دوسرے اوپنر چتیشور پجارا نے 32 بالز پر 35 رنز بناکر سست روی کی مثال برقرار رکھی، ڈیوڈ ملر صرف 10 رنز تک محدود رہے، انھوں بھونیشور کمار نے وارنر کی مدد سے آؤٹ کیا، گلین میکسویل کا بیٹ اس بار بھی بے قابو رہا، انھوں نے 43 بالز پر 9 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 95 رنز بنائے، انھیں بھی مشرا نے سیمی کی مدد سے قابو کیا، کپتان جارج بیلی 10 رنز پر بھونیشورکمار کی گیند پر وارنر کا کیچ بن گئے، مچل جونسن نے صرف 4 رنز بناکر اپنی وکٹ بھونیشور کو دی جنھوں نے تین وکٹیں اپنے نام کیں، امیت مشرا نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
Load Next Story