مہدی حسن کی بہوعمائمہ حسن نے گلوکاری شروع کردی

سسر کا مشن آگے بڑھانے کیلیے گائیکی شروع کی، شوہر اورخاندان کی سپورٹ حاصل ہے ،عمائمہ

سسر کا مشن آگے بڑھانے کیلیے گائیکی شروع کی، شوہر اورخاندان کی سپورٹ حاصل ہے ،عمائمہ ۔ فوٹو : فائل

ISLAMABAD:
شہنشاہ غزل مہدی حسن مرحوم کی بہواورعارف مہدی کی اہلیہ عمائمہ حسن نے نغمہ نگاری کے بعدگائیکی کے شعبے میں بھی قدم رکھ دیا۔ پاکستان اوربھارت کے معروف گلوکاروں کے ساتھ جلد ہی البم ریکارڈ کرینگی۔


دوسری جانب بھارتی میوزک کمپنی نے آڈیوالبم ریلیزکرنے کا گرین سگنل دیدیا۔اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے مہدی حسن کے صاحبزادے عارف مہدی نے '' ایکسپریس '' کوبتایا کہ والد کی زندگی میں ہی میری اہلیہ نے بطورنغمہ نگارکام شروع کردیا تھا۔ پاکستان اوربھارت کے بہت سے معروف گلوکار، عمائمہ حسن کے لکھے گیت اورغزلیں ریکارڈ کراچکے ہیں لیکن حالیہ دورہ بھارت کے دوران معروف غزل گائیک انوپ جلوٹا نے میری اہلیہ کے ساتھ غزل اورگیت ریکارڈ کروانے کی حامی بھرلی ہے۔

اس کے علاوہ پاکستان کے معروف گلوکار بھی البم میں عمائمہ کے ساتھ گیت ریکارڈ کروائینگے۔ اس موقع پرعمائمہ حسن کاکہنا تھا کہ یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ میں بین الاقوامی شہرت یافتہ غزل گائیک استاد مہدی حسن کی بہو ہوں اوراب میں ان کے مشن کو آگے لے کرچلنے کے لیے عملی طور پرگائیکی کے میدان میں اتر رہی ہوں۔ اس سلسلہ میں میری فیملی اورخاص طورپرخاوند کی مکمل سپورٹ حاصل ہے۔ انھوں نے کہا کہ میں نغمہ نگاری کے ساتھ ساتھ گلوکاری بھی باقاعدگی سے جاری رکھوں گی اورجلد ہی بھارت میں البم کی ریکارڈنگ کے لیے دوبارہ جاؤنگی۔
Load Next Story