’نوازشریف عوامی انشورنس اسکیم‘ متعارف کرانے کافیصلہ

مسودہ زیرغورہے،مجوزہ اسکیم ان تمام پاکستانیوں کیلیے ہوگی جن کی عمر25 سے 60سال کے درمیان ہے،وفاقی وزیرتجارت

مجوزہ اسکیم میں دہشت گردی سے متاثرہ افراد کو بھی شامل کیا جائیگا،خرم دستگیر۔ فوٹو: فائل

لاہور:
وفاقی حکومت نے سال2014-15 میں ''نوازشریف عوامی انشورنس اسکیم'' متعارف کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

یہ بات وفاقی وزیرتجارت انجینئرخرم دستگیر نے اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن آف پاکستان کے پرنسپل آفس کے دورے کے موقع اعلیٰ افسران ایگزیکٹو ڈائریکٹرزرئیس الدین پراچہ، اعجاز خان اورنسیم الحق سے بات چیت کے دوران کہی۔ وزیرتجارت نے بتایا کہ مجوزہ نوازشریف انشورنس اسکیم کا مسودہ زیرغور ہے جسے آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں وزیرِ اعظم نواز شریف کی منظوری سے متعارف کرایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ مجوزہ اسکیم ان تمام پاکستانیوں کیلیے ہوگی جن کی عمر25تا60سال کے درمیان ہے، مجوزہ اسکیم میں دہشت گردی سے متاثرہ افراد کو بھی شامل کیا جائیگا۔


خرم دستگیر نے اس موقع پراسٹیٹ لائف کارپوریشن کی اعلیٰ انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ سیکیورٹیزاینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے ساتھ بھی مشاورت کریں اور متفقہ فیصلوں کی روشنی میں مجوزہ اسکیم پرتندہی سے کام کریں تاکہ کارپوریشن ایس ای سی پی قوانین کے نظم وضبط پر چلتے ہوئے اہداف حاصل کر سکے۔ وزیرتجارت نے کہا کہ کارپوریشن کے افسران کو ترقیاں دے کرخالی ہونے والی آسامیوں کو جلد پر کیا جائے اور ماضی میں ہونے والی تعیناتیوں میں بے قاعدگیوں کی قواعدوضوابط کے تحت جانچ پڑتال کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے نیٹ ورک کو مزید اپ گریڈ کیا جائے گا تاکہ کارپوریشن کے کاروبار میں مزید بہتری آئے۔ انہوں نے کارپوریشن کی موجودہ صورت حال پر اطمینان کا اظہار کیا۔ قبل ازیں ایگزیکٹو ڈائریکٹررئیس الدین پراچہ نے وفاقی وزیر تجارت کو موجودہ حالات کے تناظر میں کارپوریشن کی جاری سرگرمیوں اور آئندہ حکمت عملی خصوصاً ہیلتھ انشورنس، بینک انشورنس، سرمایہ کاری اور یورو بانڈز سے متعلق بریفنگ دی۔
Load Next Story