حیدرآباد ایوان تجارت کے انتخابات میں بار بارڈرامائی تبدیلیاں

ماضی کے حریف حلیف بن گئے، حاجی یعقوب کے امیدوار گوہر اللہ کے مقابل الیکشن لڑینگے

ماضی کے حریف حلیف بن گئے، حاجی یعقوب کے امیدوار گوہر اللہ کے مقابل الیکشن لڑینگے

حیدرآباد ایوان تجارت و صنعت کے انتخابات 2012/13 میں بار بار ڈرامائی تبدیلیاں آ رہی ہیں۔

3 سال تک ایک دوسرے کے حریف، نہ صرف حلیف بن گئے بلکہ اب تاجر دوست پینل حاجی یعقوب گروپ کے تمام امیدوار، بیلٹ پیپر پر بزنس مین پینل کو الاٹ شدہ ابتدائی نمبر شمار پر مل کر موجودہ صدر سیٹھ گوہر اللہ گروپ کے مقابلے میں الیکشن لڑیں گے جنکے ناموں کا اعلان آج کیا جائیگا۔ اتوار کو بیلٹ پیپر پر نمبر شمار الاٹ کرنیکی پرانی درخواست کیساتھ بزنس مین پینل نے کارپوریٹ کلاس اور ایسوسی ایٹ کلاس کیلیے اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا۔


جسکے مطابق کارپوریٹ کلاس میں بزنس مین پینل کے سربراہ محمد امین کھتری، دولت رام اور سکندر علی امیدوار ہوں گے جبکہ حاجی یعقوب گروپ کیساتھ معاملات طے پا جانے کے باعث دیگر 3 امیدوار حاجی یعقوب کے نامزد کردہ محمد مدنی، محمد صابر شیخ اور سامن مل ہونگے اسی طرح ایسوسی ایٹ کلاس میں حاجی یعقوبکے نامزدہ کردہ امیدواروں میں نجم الدین شیخ، سلیم الدین اور میمن ہارون میمن شامل ہیں جبکہ بزنس مین پینل کی جانب سے پینل کے سیکریٹری محمد الطاف میمن، جلال الدین اور محمد ادریس ہونگے۔

طویل عرصے سے چیمبر کی منیجنگ کمیٹی میں جانے کے خواہش مند انجمن تاجران حیدرآباد کے عہدیداران ایک بار پھر امیدواروں کی فہرست میں جگہ نہیں بنا پائے۔ دوسری جانب سیٹھ گوہر اللہ گروپ کے ضیا قریشی کا کہنا ہے کہ ان کے امیدواروں کے ناموں کا اعلان آج کر دیا جائے گا۔ بزنس مین پینل کے تمام امیدوارسیاسی مداخلت کے باعث دوسال پہلے الیکشن کا بائیکاٹ بھی کر چکے ہیں جس کی وجہ سے تاجر دوست پینل کو مینجنگ کمیٹی میں واضح برتری حاصل ہو گئی تھی تاہم نشستوں کی تقسیم نے تاجر دوست پینل میں دراڑیں ڈال دیں جس کی وجہ سے اب بار بار انتخابی عمل میں ڈرامائی تبدیلیاں آ رہی ہیں۔
Load Next Story