جیو کہتا تھا ہم جس کو چاہیں حکومت میں لے آئیں کائرہ

8 گھنٹے تک آئی ایس آئی چیف پر الزام تراشی افسوسناک ہے، واسع جلیل، ایئر مارشل شاہد لطیف

کوئی شخص قانون سے بالاتر نہیں، عمر چیمہ، جیو مدعی کیوں نہیں بنا، عارف حمید، ’’تکرار‘‘ میں گفتگو ۔ فوٹو: فائل

پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زماں کائرہ نے کہا ہے کہ حامد میر کے ساتھ جو ہوا وہ بہت قابل مذمت ہے۔

تاہم بغیر ثبوت اور تحقیق کے الزام لگانا درست نہیں ہے۔ ایکسپریس نیوز کے پروگرام ''تکرار'' میں میزبان عمران خان سے گفتگو میں انھوں نے کہاکہ جیو ٹی وی مضبوط اور طاقتور ادارہ ہے اور مسلسل طاقت کا مظاہرہ کر رہا ہے، مجھے وہ وقت بھی یاد ہے جب جیو کی طرف سے کہا گیا تھاکہ ہم جس کو چاہیں حکومت میں لے آئیں، جب کوئی ادارہ اس طرح کا گھمنڈ کرتا ہے تو بہرحال وہ خطرناک ہی ہوتا ہے، پرویز رشید بہت سمجھدار شخص ہیں، اس وقت وزارت اطلاعات اور وزارت دفاع کا کام تھا کہ وہ سامنے آتے لیکن اگر وہ نہیں آئے تو ان کی سوچ ہوگی کہ اگر ہم نے کہا کہ جیو کو بند کردیں تو اور بھی منفی تاثر پیدا ہو گا۔ ایم کیو ایم کے رہنما واسع جلیل نے کہا کہ ایک میڈیا گروپ جو کسی بھی ثبوت اور تحقیق کے بغیر پاکستان کے بڑے ادارے کے سربراہ کا نام لیے جارہا ہے یہ قابل افسوس ہے، جب تک کوئی ثبوت سامنے نہیں آتا کسی کو بھی مجرم ٹھہرانا درست نہیں، حامد میر کے ڈرائیور اور گارڈ تک دوسرے میڈیا کی رسائی نہ ہونا ایڈونچرازم ہے۔ ایئر مارشل رٹائرڈ شاہد لطیف نے کہا کہ حامد میر کے ساتھ جو ہوا ہم اس کی مذمت کرتے ہیں لیکن ان کے ادارے نے جس طرح کی غیر ذمے داری کا مظاہرہ کیا ہے وہ درست نہیں۔


8 گھنٹے تک آئی ایس آئی کے سربراہ پر الزام تراشی ہونا بہت بڑی بات ہے، کیا اس ملک میں اس سے قبل دہشت گردی کے نام پر صحافی حضرات کو نشانہ نہیں بنایاگیا، حامد میر نے کہا تھا کہ میرے خلاف اگر حملہ ہوا تو یا دہشتگرد گروپ کریں گے یا پھر آئی ایس آئی کرے گی لیکن اس واقعے کے بعد انھوں نے دہشتگردوں کا نام ہی نہیں لیا۔ دی نیوز کے رپورٹر عمر چیمہ نے کہاکہ میرا آئی ایس آئی کے ساتھ کوئی ذاتی جھگڑا نہیں، جیوٹی وی نے جو کیا وہ سارا میڈیا کرتا ہے۔

جب بے نظیر بھٹو نے اپنے قاتلانہ حملے کے بارے میں وصیت کی تھی تو کیا پرویزمشرف سمیت دوسرے لوگوں کی تصاویر نہیں چلی تھیں، آئی ایس آئی کو حامد میر نے آگاہ کیا تھا اگر آئی ایس آئی اتنی ہی فعال تھی تو انھوں نے ملزمان کو پکڑ کرسامنے کیوں نہیں لاکھڑا کیا، اگر خدانخواستہ ایکسپریس کے ساتھ کوئی سانحہ ہوتا ہے اور جیو ٹی وی رپورٹ نہیں کرتا تو میں ایکسپریس نیوزکے ساتھ کھڑا ہوں گا۔ تجزیہ کار عارف حمید بھٹی نے کہا کہ 8گھنٹے تک ڈی جی آئی ایس آئی کی تصویر مالک کی مرضی کے بغیر چل ہی نہیں سکتی، ہم صحافی حضرات متحد ہیں ہم حامد میر کے ساتھ زیادتی کی مذمت کرتے ہیں مگر ہم کسی ایسے مالک کی غلامی نہیں کرسکتے جو کسی بیرونی ملک کے ایجنڈے پر چل رہا ہو ہم اپنے اداروں کو کسی غیر کے کہنے پر برا نہیں کہتے۔ مجھے ابھی تک یہ بات سمجھ ہی نہیں آئی کہ جیو نے حامد میر کی ایف آئی آر کیوں نہیں کٹوائی اور اگر کٹوائی بھی تو اپنی مدعیت میں کیوں نہیں کٹوائی۔
Load Next Story