نشان حیدر ہاکی نیشنل بینک نے ریلویز کو آؤٹ کلاس کردیا

قومی بینک6-2 سے فتحیاب، آرمی ریڈ نے اسٹیل ملز کو 9-3 سے مات دیدی، آرمی وائٹ کو واپڈا کے ہاتھوں شکست کا صدمہ

قومی بینک6-2 سے فتحیاب، آرمی ریڈ نے اسٹیل ملز کو 9-3 سے مات دیدی، آرمی وائٹ کو واپڈا کے ہاتھوں شکست کا صدمہ۔ فوٹو: فائل

نشان حیدر ہاکی ٹورنامنٹ میں نیشنل بینک نے ریلویز کو 6-2 سے آؤٹ کلاس کردیا۔

توثیق ارشد، سبطین رضا اور ارسلان قادر نے 2،2 گول اسکور کیے۔آرمی ریڈ نے اسٹیل ملز کو 9-3 سے مات دیدی، آرمی وائٹ کو واپڈا کے ہاتھوں 1 کے مقابلے میں 7 گول سے شکست کا صدمہ برداشت کرنا پڑا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق بہاولپور کے مطیع اللہ ہاکی اسٹیڈیم میں جاری ایونٹ کے پانچویں روز آخری میچ میں ریلویز اور نیشنل بینک کی ٹیموں کے مابین دونوں اطراف سے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا گیا لیکن بہتر دفاع کی وجہ سے قومی بینک کی ٹیم 6-2 سے سرخرو ہوئی۔ فاتح سائیڈ نے پہلے ہاف کے 11 ویں منٹ میں توثیق ارشد اور14 ویں منٹ میں سبطین رضا کے گول کی بدولت برتری حاصل کی۔ ریلویز کے فارورڈز نے حوصلہ ہارنے کی بجائے 18ویں منٹ میں ذیشان بخاری کے گول کی بدولت خسارہ کم کیا صرف 5 منٹ بعد عمیر حامدی نے گول داغتے ہوئے میچ 2-2 سے برابر کردیا۔


پہلے ہاف کا اسی اسکور پر اختتام ہوا۔ دوسرے سیشن میں نیشنل بینک کی ٹیم نے عمدہ دفاع کے ساتھ ساتھ بہترین اسٹک ورک سے حریف گول پوسٹ پر متواتر حملوں کا آغاز کردیا۔ توثیق ارشد نے 41 ویں منٹ میں ملنے والے پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو برتری دلادی، بعدازاں 54 ویں منٹ میں ارسلان قادر نے شاندار فیلڈ گول کیا، سبطین رضا نے 57ویں منٹ میں مقابلہ 4-2 کردیا، بعد میں ارسلان قادر اور سبطین رضا نے ایک ایک اور گول داغتے ہوئے نیشنل بینک کی ٹیم کو 6-2 سے کامیابی دلادی۔ صبح کو کھیلے گئے پہلے میچ میں واپڈ ا کی ٹیم نے آرمی وائٹ کو یکطرفہ مقابلے میں 7-1 سے زیر کیا۔فاتح ٹیم نے 18ویں منٹ میںزبیر ریاض کے گول کی بدولت کھاتہ کھولا ، آرمی وائٹس کی جانب سے صرف ایک منٹ بعد فراز نے پنالٹی کارنر پر گول کرتے ہوئے مقابلہ برابرکردیا۔

25 ویں منٹ میں محمد عثمان اور 33ویں منٹ میں زبیر نے پنالٹی کارنر پر گول داغ کر واپڈا کو 3-1 کی برتری دلادی،دوسرے ہاف کے آغاز میں رانا عمیر اور صرف ایک منٹ بعد عمر بھٹہ نے گول کرتے ہوئے فاصلہ 5-1 کردیا، محمد عرفان نے 45ویں منٹ میں پنالٹی کارنر اور اسد بشیر نے کھیل ختم ہونے سے 5 منٹ قبل فیلڈ گول کیا۔ پانچویں روز کے دوسرے میچ میں قومی کپتان محمد عمران اور عبدالجبارنے 2،2 گول کی بدولت آرمی ریڈ کو اسٹیل ملز کیخلاف 9-3 سے کامیابی دلوانے میں مدد فراہم کی۔آرمی نے پانچویں منٹ میںمحمد کاشف کے گول کی بدولت سفر کا آغاز کیا، پانچ منٹ بعد اسٹیل ملز نے مقابلہ برابر کردیا۔ 9 منٹ کے فرق سے آرمی ریڈ کے محمد عمران نے پنالٹی کارنر پر خوبصورت2 گول داغے۔ فاتح ٹیم کی جانب سے پہلے ہاف میں مزید دو گول حبیب الرحمان اور عامر ارسلان نے کیے۔فیاض احمد نے دوسرے ہاف کے آغاز میں گول کرتے ہوئے خسارہ کم کیا لیکن آرمی ریڈ نے عبدالجبارکے دو، گلفام ادریس، حامد ظفر ڈار اور عامر ارسلان کے ایک، ایک گول کی بدولت میچ 9-3 سے جیت لیا۔
Load Next Story