یورپی یونین کی جانب سے پابندی کا خدشہ قرنطینہ ڈپارٹمنٹ نے سبزیوں کی برآمد پر غیر اعلانیہ پابندی عائد کر?

آم، امرود، کریلے، بیگن میں فروٹ فلائیز اور بیماریوں کے خدشے پر پلانٹ پروٹیکشن کا تمام کنسائنمنٹس کلیئر کرنے سے انکار

آم، امرود، کریلے، بیگن میں فروٹ فلائیز اور بیماریوں کے خدشے پر پلانٹ پروٹیکشن کا تمام کنسائنمنٹس کلیئر کرنے سے انکار ، ایکسپورٹرز میں بے چینی پھیل گئی۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

پاکستانی قرنطینہ ڈپارٹمنٹ نے یورپی یونین کی پابندی کے خدشے کے پیش نظر تمام قسم کی سبزیوں کی ایکسپورٹ پر ازخود پابندی عائد کردی ہے۔

ذرائع کے مطابق یورپی یونین کی جانب سے آم، امرود، کریلے، بیگن میں فروٹ فلائیز اور بیماریوں کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے تاہم پاکستانی پلانٹ پروٹیکشن ڈپارٹمنٹ نے ہر قسم کی سبزیوں کی کنسائمنٹ کو کلیئر کرنے سے انکار کردیا ہے جس سے یورپی یونین کو پاکستان سے سبزیوں کی برآمد معطل ہوگئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ وفاقی وزارت خوراک اور نیشنل فوڈ سیکیورٹی نے تاحال کوئی پالیسی جاری نہیں کی تاہم پلانٹ پرٹیکشن ڈپارٹمنٹ نے ازخود حفظ ماتقدم کے طور پر ہرقسم کی سبزیوں کی کلیئرنس روک دی ہے۔


قرنطینہ ڈپارٹمنٹ کے اس اقدام سے ایکسپورٹرز میں بے چینی پھیل گئی ہے اوران کا کہنا ہے کہ پلانٹ پروٹیکشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے کلیئرنس نہ دینے کا اقدام بلاجواز ہے ابھی تک یورپی یونین کی جانب سے پاکستان پر باضابطہ اعتراض نہیں اٹھایا گیا، خدشے کے پیش نظر آم کی ایکسپورٹ کے لیے وفاقی وزارت خوراک و نیشنل فوڈ سیکیورٹی ایک پروٹوکول تیار کررہی ہے تاہم اس پروٹوکول کے نوٹیفکیشن کا انتظار کیے بغیر ہی ہر قسم کی سبزیوں کی ایکسپورٹ بند کردی گئی ہے جس سے پاکستان سے سبزیوں کی برآمد میں کمی کا سامنا ہے۔

اس ضمن میں آج پیر کو ڈائریکٹر جنرل پلانٹ پروٹیکشن اور آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹبل ایکسپورٹرز امپورٹرز اینڈ مرچنٹس ایسوسی ایشن کے نمائندوں کے درمیان خصوصی ملاقات ہوگی جس میں یورپی یونین کے لیے آم کی ایکسپورٹ کے پروٹوکول سمیت قرنطینہ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے سبزیوں کی برآمد کی کلیئرنس روکنے کے معاملے پر غور کیا جائے گا۔
Load Next Story