ایشین گیمز قومی ہاکی ٹیم ایکشن میں دکھائی دے گی

پی ایچ ایف نے پی او اے عارف حسن گروپ کے ذریعے شرکت کی تصدیق کر دی

پی ایچ ایف نے پی او اے عارف حسن گروپ کے ذریعے شرکت کی تصدیق کر دی. فوٹو: فائل

قومی ہاکی ٹیم ایشین گیمزکے دوران ایکشن میں نظر آئے گی۔

پی ایچ ایف نے حکومتی ہدایت پر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن( عارف حسن گروپ) کے ذریعے میگا ایونٹ میں شرکت کی تصدیق کر دی۔ سیکریٹری فیڈریشن رانا مجاہد علی نے گذشتہ روز نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران اس حوالے سے تفصیلات بتائیں، انھوں نے کہا کہ ہم نے رواں برس کوریا میں شیڈول ایشین گیمز میں ٹیم کی شرکت یقینی بنانے کے سلسلے میں مدد کیلیے پاکستان اسپورٹس بورڈ کو خط لکھا تھا ، وہاں سے ملنے والی ہدایات کی روشنی میں صدر پی ایچ ایف اور مشاورتی بورڈ سے گفتگو کی گئی، اب ہم نے لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن کی زیرسربراہی کام کرنے والی پی او اے کی وساطت سے ڈیڈ لائن ختم ہونے سے ایک روز قبل انٹری بجھوا دی ہے، قومی ٹیم اب ایشین گیمز میں اعزازکا بھر پور دفاع کرنے کیلیے کوریا جائے گی۔


سیکریٹری پی ایچ ایف نے کہا کہ ابتدائی طور پر 25 کھلاڑیوں کی فہرست بھی بھجوائی گئی ہے، تیاریوں کیلیے کھلاڑی 4 مئی کو اسلام آباد میں رپورٹ کریں گے،اگلے روز کیمپ کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔ ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ مستقبل میں پی او اے عارف حسن گروپ میں شمولیت کے حوالے سے ابھی کچھ کہنا قبل ازوقت ہے، حکومت کی طرف سے گائیڈ لائن کی روشنی میں اس بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔ رانا مجاہد علی نے کہا فنڈزکیلیے حکومت کو درخواست دی ہوئی ہے، صدر اختر رسول سمیت دیگر آفیشلز پُرامید ہیں کہ قومی کھیل کی بہتری کیلیے جلد گرانٹ جاری ہو جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ سابق سیکریٹری پی ایچ ایف محمد آصف باجوہ نے جن اولمپئنز پر الزامات عائد کیے ہیں وہی اس کا جواب دینے کے مجاز ہیں۔انھوں نے بتایا کہ پاکستان نے یوتھ اولمپکس کیلیے بھی کوالیفائی کرلیا،اسپورٹس بورڈ نے اس میں شرکت کی ہدایت دی ہے۔

 
Load Next Story