کراچی میں قیام امن ملکی ترقی کیلیے ضروری ہے ممنون حسین

منتخب نمائندے عوام سے رابطے میں رہیں تاکہ انکے مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کیے جاسکیں

صدر ممنون حسین ڈاؤ انٹرنیشنل ڈینٹل کالج کا افتتاح کررہے ہیں گورنر عشرت العباد ،پروفیسر مسعود حمید بھی موجود ہیں۔ فوٹو: آئی این پی

صدر مملکت ممنون حسین نے کہاکہ کراچی میں قیام امن ملک کی ترقی کیلیے بہت ضروری ہے،کراچی ملک کامعاشی حب ہے،حکومت کی اولین ترجیح کراچی میں امن کاقیام ہے۔

وہ منگل کو کراچی میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے گفتگوکررہے تھے ،صدر مملکت سے ملاقات میں گورنرسندھ نے ان کو صوبے کے امورسے متعلق آگاہ کیا،گورنر سندھ نے صدر مملکت کوکراچی میں امن و امان کی صورت حال ،جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری ٹارگٹڈآپریشن ،عوام کے مسائل کے حل کیلیے جاری ترقیاتی منصوبوں اور دیگرامورپرتفصیلی بریفنگ دی،صدرنے ہدایت کی کہ کراچی میں قیام امن کے لیے جاری ٹارگٹڈ آپریشن کو مربوط حکمت عملی کے تحت تیز کیاجائے اورجرائم پیشہ عناصرکے خلاف بلاتفریق کارروائی عمل میں لائی جائے۔


علاوہ ازیں اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں مسلم لیگ (ن) سندھ کے جنرل سیکریٹری سلیم ضیاکی قیادت میں سندھ اسمبلی کے ارکان سے ملاقات میں گفتگوکرتے ہوئے صدرمملکت ممنون حسین نے کہاکہ حکومت ملک میں توانائی کے بحران کے حل کیلیے ہرممکن اقدامات کررہی ہے،عوام کے منتخب نمائندے عوام سے رابطے میں رہیں تاکہ ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جاسکیں،وفدمیں عرفان اللہ مروت ،شفیع محمد جاموٹ، ہمایوں خان ،سورتھ تھیبو،اعجاز شیرازی اور عاقب جتوئی شامل تھے،صدر نے کہا کہ امن و امان کے قیام،بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمے اور دیگر مسائل کے حل کے لیے وفاق اور صوبائی حکومتیں اقدامات کررہی ہیں۔

پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل افیئرز (پی آئی آئی اے )کے تحت منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدرمملکت ممنون حسین نے کہاہے کہ حکومت نے دہشت گردی و انتہا پسندی کی روک تھام، داخلی سلامتی اور امن و امان کے مسائل سے موثر طور پر نمٹنے کیلیے اہم اقدامات اٹھائے ہیں،قومی اور ادارہ جاتی اتفاق رائے کے صحت مندانہ عمل کے ذریعے ان کثیر الجہتی کاوشوں کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں، قبل ازیں چیئرمین پی آئی آئی اے ڈاکٹر معصومہ حسن خطبہ استقبالیہ پیش کیا، صدرمملکت ممنون حسین منگل کو ڈائویونیورسٹی اوجھاکیمپس کے دورے پر گئے جہاں چانسلروگورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان، وائس چانسلر پروفیسر مسعودحمیدخاں،صوبائی وزیر صحت ڈاکٹرصغیر احمد، پرو وائس چانسلرپروفیسر عمر فاروق،سیکریٹری صحت اقبال درانی سمیت یونیورسٹی کے ارکان فیکلٹی نے ان کا استقبال کیا۔

وائس چانسلرپروفیسر مسعود حمیدخاں نے صدرمملکت کوتفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے طبی تعلیمی اور تحقیقی سرگرمیوں سے بھی آگاہ کیااورڈائو یونیورسٹی کے مستقبل اورجاری ترقیاتی وتحقیقی منصوبوں کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا،علاوہ ازیں صدر مملکت نے وائس چانسلر پروفیسر مسعود حمید خان کو ڈاؤ یونیورسٹی کو اعلی معیار کے مطابق بنانے کی خدمات کو سراہا۔آخر میں پروفیسر مسعود حمیدخان نے صدر مملکت ممنون حسین کو ڈائو یونیورسٹی کی یادگاری شیلڈ پیش کی۔
Load Next Story