بھارت سمیت تمام پڑوسیوں سے بہترتعلقات چاہتے ہیںعبدالباسط

مسئلہ کشمیراولین ترجیح ہے،پرامن خطہ سب کے مفاد میں ہے،چین عظیم دوست ہے

مسئلہ کشمیراولین ترجیح ہے،پرامن خطہ سب کے مفاد میں ہے،چین عظیم دوست ہے۔ فوٹو: فائل

بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہاہے کہ بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے بہتر تعلقات چاہتے ہیں۔


خطے میں امن کاقیام دونوں ملکوں کے مفا دمیں ہے۔ ممبئی بم دھماکوں کا کیس عدالت میں ہے۔ مبینہ حملہ آوروں کے متعلق بھارت نے جتنے ثبوت دیے، عدالت کے حوالے کردیے، فیصلہ عدالت کوکرنا ہے۔ پاکستان میں عدالت آزادہے۔ جوبھی فیصلہ ہوگا، درست ہوگا۔ الزام ثابت ہونے پرمبینہ مجرموں کو سخت سزاملے گی۔ پاک بھارت مذاکرات کاعمل جاری رہناچاہیے۔ مسئلہ کشمیرکا حل اولین ترجیح ہے۔ وہ ممبئی میں جنوبی ایشیائی سفارت کاری کے مستقبل پربات چیت کے لیے ایشیاسوسائٹی کی طرف سے منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ عبدالباسط کاکہنا تھاکہ وزیراعظم نوازشریف ملک کی خوشحالی اورترقی کے لیے بھارت کے ساتھ جامع مذاکرات کاعمل جاری رکھنا چاہتے ہیں۔ اس حوالے سے ان کی پالیسیاں، خیالا ت اورنقطہ نظربہت واضح ہے۔

انھوں نے کہاکہ امن دونوں ممالک کے باہمی مفادمیں ہے۔ دونوں ملک ماضی میں جنگیں لڑچکے ہیں جس سے کچھ حاصل نہیں ہوا۔ عبدالباسط نے کہاکہ ممبئی حملہ ہویا کشمیر، پاکستان اوربھارت اپنے تنازعات مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ سمجھوتہ ایکسپریس کے مقدمے کاکیا بنا؟ ابھی تک کسی کوبھی جرم کامرتکب قرارنہیں دیاگیا۔ یہ چیزیں وقت لیتی ہیں۔ اگرپاکستان اوربھارت کے درمیان امن قائم ہو گا تو اس وقت جس طرح چیزیں جارہی ہیں ان کے طریقوں کو تبدیل کیاجا سکتاہے۔ انھوں نے مزیدکہا کہ پاکستان سلامتی کے خطرات سے بچنے کے لیے بھارت پرمشتمل چین کے ساتھ فوجی اتحادمیں شامل ہواہے جس سے ہماری سیکیورٹی کوبہتر بنانے میں مددملے گی۔ چین اورپاکستان عظیم دوست ہیں۔ چین کے ساتھ ہمارارشتہ مثالی ہے اورکئی دہائیوں کے دوران دونوں نے ایک دوسرے کی مشکل وقت میں مدد کی ہے۔
Load Next Story