’’ہمیں پاک فوج سے پیار ہے‘‘ ملک بھر میں مظاہرے اور ریلیاں جاری جنگ اور جیو بند کرنے کا مطالبہ

راولپنڈی، پاکپتن، چیچہ وطنی، گجرات اور دیگر شہروں میں مختلف جماعتوں کا فوج سے اظہار یکجہتی

اسلام آباد میں سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام خواتین فوج کے حق میں مظاہرہ کررہی ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلیے گزشتہ روز بھی ملک بھر میں ریلیاں نکالی گئیں اور مظاہرے ہوئے، مقررین نے پاک فوج اور آئی ایس آئی کی کردار کشی کرتے ہوئے جنگ اور جیو نیوز کو فوری بند کرنے کا مطالبہ کیا۔


سربراہ سُنّی تحریک انجینئر ثروت اعجازقادری کی اپیل پر ملک بھرکے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں عظمت ِ شہدا کانفرنسز اورسیمینارز منعقد کیے گئے، شہداکے ایصال ثواب کیلیے قرآن خوانی بھی ہوئی، راولپنڈی میں ریلی نکالی گئی۔اہلسنت والجماعت نے یوم شہدا پاکستان کے حوالے سے مختلف شہروں میں موٹرسائیکل ریلیاں نکالیں اور فوج سے اظہار یکجہتی کیا۔ مرکزی سیکریٹری جنرل خادم حسین ڈھلوں نے کہا کہ ہم تمام شہداکو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام مختلف شہروں میں ''عظمت ِ شہدا کانفرنسیں'' منعقد کی گئیں اور مساجد میں شہدا کیلیے قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا۔ پاکپتن میں تاجروں اور لیبریونین نے ریلی نکالی جوغلہ منڈی سے شروع ہو کر پریس کلب پہنچ کر ختم ہوئی۔

مظاہرین نے کہا ہم پاک فوج کے ساتھ ہیں اور ان کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ چیچہ وطنی میں جماعت الدعوۃ نے آئی ایس آئی سے اظہار یکجہتی اور جنگ اور جیو کیخلاف لکڑ منڈی سے ریلی نکالی۔ مقررین نے کہا افواج پاکستان کے خلاف امریکا اور انڈیا کی سازشیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے، آئی ایس آئی کے خلاف پروپیگنڈا ملکی سالمیت کے خلاف سازش ہے۔ ملک دشمن چینل جیو نیوز اور جنگ اخبارکو فوری طور پر بندکیا جائے۔ گجرات میں بھی ریلی نکالی گئی۔ اسلام آباد کے مختلف سیکٹروں میں شاہراہوں پر عام شہریوں اور سماجی تنظمیوں کی طرف سے فوج کی حمایت میں بینرز آویزاں کیے گئے ہیں۔ بعض بینروں پر تحریر ہے 'ہمیں پاکستان کی فوج اور آئی ایس آئی سے پیار ہے، اور 'ہم ان کی شہرت کو داغدار کرنے کی کوششوں کی مذمت کرتے ہیں۔'
Load Next Story