نشان حیدر ہاکی پی آئی اے کی بلند پرواز ٹائٹل پر قبضہ جما لیا

فائنل میں واپڈا کو3-1 سے شکست دی، احسان اللہ نے 2گول داغے، ریاض پیرزادہ نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے

فائنل میں واپڈا کو3-1 سے شکست دی، احسان اللہ نے 2گول داغے، ریاض پیرزادہ نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ فوٹو: فائل

پی آئی اے نے بلند پرواز کرتے ہوئے نشان حیدر ہاکی ٹائٹل پر قبضہ جمالیا۔

فائنل میں واپڈا کو 1-3 سے شکست ہوئی، احسان اللہ نے2گول داغتے ہوئے کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض پیرزادہ نے انعامات تقسیم کیے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق بہاولپور کے مطیع اللہ اسٹیڈیم میں فیصلہ کن معرکہ دیکھنے کیلیے ہزاروں شائقین موجود تھے، اسٹارز سے سجی دونوں ٹیموں نے کھیل کا آغاز انتہائی تیز رفتاری سے کیا، ابتدائی15 منٹ تک میچ میں واپڈا کے فارورڈز چھائے رہے لیکن ان کی عمدہ مووز کو حریف ڈیفینڈرز نے ہر بار ناکام بنا دیا۔


بعدازاں قومی ایئر لائنز نے دفاعی حکمت عملی کو ترک کرتے ہوئے اٹیک کرنے شروع کردیے،اسی دوران21 ویں منٹ میں واپڈا کے تصور عباس نے حریف فارورڈز سے گیند کو چھین کرکئی دفاعی کھلاڑیوں کو چکمہ دیا، جب انھوں نے عثمان بھٹہ کو پاس دیا تو ان کی تیز رفتار ہٹ پر رانا عمیر نے ہلکی سی اسٹک لگا کر گیندکو گول پوسٹ میں پہنچا دیا۔ بعدازاں پی آئی اے کی جانب سے مزید جارحانہ کھیل دیکھنے کو ملا اور صرف 2منٹ بعد عامر شہزاد اور شفقت رسول نے گیندکو حریف ڈی میں پہنچایا اور پنالٹی کارنر حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

جس پر ڈیفینڈر احسان اللہ نے مخالف گول کیپر کو ڈاج دے کر گول داغ دیا، پہلے ہاف کا 1-1 سے برابری پر اختتام ہوا۔ وقفے کے بعد پی آئی اے کے کھلاڑیوں نے انتہائی خطرناک انداز اپناتے ہوئے واپڈا کو بیک فٹ پر دھکیل دیا۔45 ویں منٹ میں شفقت رسول اور وقاص اکبر کی شاندار پاسنگ کے بعد عنایت اللہ نے ڈی لائن کے اندر حریف ڈیفنڈر کے پاؤں سے گیند ٹکرا دی، یوں ایک اور پنالٹی کارنر حاصل ہوا۔

اس بار بھی ہٹ لگانے کیلیے احسان اللہ آگے آئے اور انھوں نے گول کرتے ہوئے ٹیم کو 2-1 سے برتری دلا دی۔ واپڈا کے کھلاڑیوں نے کم بیک کرنے کی بہت کوشش کی تاہم متعدد حملوں کے باوجود فارورڈز گول کرنے میں ناکام رہے، کھیل ختم ہونے سے صرف 6 منٹ قبل شفقت رسول نے کئی دفاعی کھلاڑیوں کو چکمہ دیتے ہوئے تیز کراس لگایا جس پر عنایت اللہ نے گول کر دیا۔ بعدازں اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ نے انعامات تقسیم کیے، انھوں نے پی آئی اے کے کپتان یاسر اسلام کو فاتح ٹرافی دی۔
Load Next Story