بلی باؤڈن کیلئے ایک بار پھر آئی سی سی الیٹ پینل کا دروازہ کھل گیا

گذشتہ برس آئی سی سی کی جانب سے بلی باؤڈن اور اسد رئوف کو الیٹ پینل سے باہر کیا گیا تھا۔

گذشتہ برس آئی سی سی کی جانب سے بلی باؤڈن اور اسد رئوف کو الیٹ پینل سے باہر کیا گیا تھا۔ فوٹو: فائل

نیوزی لینڈ کے بلی باؤڈن کیلیے ایک بار پھر آئی سی سی الیٹ پینل برائے امپائرز کا دروازہ کھل گیا، انھیں2014-15 کے سیزن کیلیے ٹاپ آفیشلز میں شامل کرلیا گیا ہے، پاکستان کے علیم ڈار پینل میں برقرار رہے۔


تفصیلات کے مطابق گذشتہ برس آئی سی سی کی جانب سے بلی باؤڈن اور اسد رئوف کو الیٹ پینل سے باہر کیا گیا تھا، اسد رئوف پر آئی پی ایل کے دوران فکسنگ میں ملوث رہنے کا الزام لگا جس میں ان کا کیریئر بظاہر ختم ہوچکا ہے، آئی سی سی نے اب نئے سیزن کیلیے ٹاپ آفیشلز کی فہرست کا اعلان کردیا، بلی بائوڈن کو سالانہ جائزے کے تحت واپس لایا گیا، یہ الیٹ پینل میں ہونے والی واحد تبدیلی ہے، وہ ٹونی ہل کی جگہ لیں گے جو رواں برس کے آغاز میں نیوزی لینڈ میں امپائر کوچ کا عہد سنبھالنے کی خاطر الیٹ پینل سے دستبردار ہوگئے تھے۔

2014-15 کیلیے پینل میں علیم ڈار، بلی بائوڈرن، کمار دھرما سینا، اسٹیو ڈیوس، ماریس ایراسمس ، ای ین گولڈ، رچرڈ النگورتھ، رچرڈ کیٹل برو، نجل لونگ، بروس آکسنفورڈ، پال رائفل اور روڈ ٹکر شامل ہیں۔ بالی باؤڈن اس سے قبل 2003 سے 2013 تک الیٹ پینل میں شامل رہے، وہ اب تک76 ٹیسٹ، 189 ون ڈے انٹرنیشنل اور 21 ٹوئنٹی 20 میچز میں ذمہ داری انجام دے چکے ہیں، الیٹ پینل امپائرز کا انتخاب ایک سلیکشن پینل کرتا ہے جس کے سربراہ آئی سی سی کے جنرل منیجر کرکٹ جیف ایلرڈائس ہیں،اس میں چیف میچ ریفری رنجن مدوگالے، سابق پلیئر، کوچ و امپائر ڈیوڈ لائیڈ اور سابق بھارتی کپتان و امپائر شرے نواس وینکٹ رگھوان شامل ہیں۔
Load Next Story